پیمرا نے عام انتخابات کی کوریج سے متعلق میڈیا کو انتباہ جاری کر دیا ، عدالتوں اور مسلح افواج کے خلاف پروپیگنڈا اور نفرت آمیز مواد نشر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، نواز شریف کی تقاریر براہ راست دکھانے سے گریز کا حکم بھی دے دیا ۔
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں جمہوری روایات کی مضبوطی تمام اداروں، شہریوں اور میڈیا ہاؤسز کی ذمے داری ہے۔
میڈیا اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ گالیوں اور اخلاق سے گری ہوئی باتیں نشر نہ کریں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹی وی چینلز سیاسی رہنماؤں کی تقاریر براہ راست نشر کررہے ہیں ، جن میں ریاستی اداروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے ، قواعد و ضوابط کے تحت اداروں کے خلاف توہین آمیز تقاریر نشر نہیں کی جا سکتیں۔
ٹی وی چینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پیمرا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے گریز کریں ۔