• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
محدود وسائل میں خوبصورت گھروں کی تعمیر

تعمیرات کی دنیا میں نئی ٹیکنالوجی آنے والے وقتوں میں روایتی طریقہ ء تعمیر کو بدل کر رکھ دےگی۔ ماہرین اس بات پر بھی متفق ہیں کہ اس صنعت میں نئی ٹیکنالوجی کے استعمال سے تعمیراتی لاگت میں بھی کمی آئے گی، جو کہ متوسط طبقے کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ آپ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیے بغیر بھی، تھوڑی سی اضافی محنت اور ذہانت کا استعمال کرکے کس طرح کم قیمت میں اپنے خوابوں کا گھر حاصل کرسکتے ہیں۔ 

بظاہرتھوڑے پیسوں یعنی کم بجٹ سے گھر تعمیر کرنے کا خیال ایک ڈراؤنے خواب جیسا ہے، خاص طور پر تعمیراتی سامان کی قیمتوں کا سُن کر یہ خیال ناممکن لگتا ہے، مگر وہ جو کہتے ہیں ’’جہاں چاہ وہاں راہ‘‘ یعنی کہ اگر آپ کوشش اور ہمت کریں تو کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔ اگر آپ کے پاس کم بجٹ ہو تو سستے تعمیراتی سامان کی تلاش اور بھی اہمیت اختیار کرجاتی ہے۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہم آپ کے لیے کچھ ایسے تعمیراتی آئیڈیاز پیش کررہے ہیں، جن پر عمل کرتے ہوئے آپ کم وقت اور کم پیسوں میں ایک چھوٹاسا گھر تعمیر کر سکتے ہیں۔

محدود وسائل میں خوبصورت گھروں کی تعمیر

کنکریٹ کی شیٹیں

اگر آپ گھر کی جلداور آسان تعمیر چاہتے ہیں تو کنکریٹ کی شیٹیں سب سے بہترین آپشن ہیں۔ خوش قسمتی سے کنکریٹ نہایت حیرت انگیز تعمیراتی سامان کے طور پر جانا جاتا ہے۔ کنکریٹ کا تخلیقی انداز میں استعمال کیا جائے تو یہ آپ کے چھوٹے سے کم لاگت گھر کو بھی شاہانہ انداز دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کنٹینر ہاؤس

جو لوگ اکیلے رہنے کا ارادہ رکھتے ہیںان کے لیے کنٹینرہاؤس اقتصادی اور انفرادیت کے لحاظ سےسب سے زیادہ موزوں ہے۔ کنٹینر ہاؤس کو ایک چھوٹے انفرادی گھر یا چھوٹے کاروباری ادارے کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔جیسے اسٹوڈیو اپارٹمنٹ اور دفتر وغیرہ۔ یہ گھر آسانی سے دوسرے علاقوں تک ٹرک کے ذریعہ منتقل کیا جا سکتا ہے۔ شِپنگ میں استعمال ہونے والے کنٹینر چھوٹے پیمانے پر ہاؤسنگ اسکیموں کے لیے نہایت سستے اور جدت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ سب سے اچھی بات تو یہ ہے کہ آپ کافی سارے کنٹینرز بہت کم قیمت پر حاصل کر سکتے ہیں۔

پتھروں کی ملمع کاری

اگر آپ گھر کی تعمیر میں قدرتی پتھر استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے قدرتی پتھروں کی ملمع کاری سب سے آسان، خوبصورت اور ہلکا کام ہے۔ اس طرح آپ تھوڑے سے خرچے میں اپنے گھر کو شاہانہ انداز دے سکتے ہیں۔

لوہے کی چادریں

کم قیمت، دیکھنے میں اچھی اور ہر طرح کے موسم کے لیے موزوں۔ لوہے کی چادروں سے تعمیر کردہ گھر ہر انداز میں خوبصورت اور پُرکش لگتا ہے، چاہے آپ اسے جدید انداز میں تعمیر کریں یا پھر اسے قدیم انداز دینا چاہیں۔ کم قیمت میں گھر کی تعمیر کے لیے، لوہے کی چادروں کے استعمال پر ضرور غور کرنا چاہیے۔

لکڑی کا دوبارہ استعمال

وہ لکڑی جسے آپ بے کار سمجھ کر جلانا چاہتے ہیں، اس سے آپ ایک خوبصورت گھر بھی تعمیر کر سکتے ہیں۔ لکڑی سے تعمیر کیا گیا گھر اپنے خرچے سے کئی گنا زیادہ پُرکشش اور حسین نظر آتا ہے۔ پاکستان جیسے گرم اور توانائی کے بحران کا شکار ملک میں لکڑی کے گھروں کی تعمیر ایک زبردست انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔

محدود وسائل میں خوبصورت گھروں کی تعمیر

بانس کی لکڑی

بانس ایک انتہائی مضبوط لکڑی سمجھی جاتی ہے اور خوش قسمتی سے یہ ہر جگہ آسانی سے مل بھی جاتی ہے۔ قدرتی طور پر وافر مقدار میں میسر یہ تعمیراتی سامان کم قیمت گھروں کو لمبے عرصے تک برقرار رکھنے میں مددگار ہوتاہے۔

روایتی سُرخ اینٹیں

ہرچند کہ روایتی سُرخ اینٹیں اب اتنی بھی سستی نہیں رہیں، جتنا کہ کوئی سمجھ سکتا ہے۔ تاہم گھروں کی خوبصورت تعمیر کے لیے سرخ اینٹوں کا استعمال ایک اچھا انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ پاکستان میں مکانات کی تعمیر کے لیے سرخ اینٹوں کا استعمال ویسے بھی عام ہے، جو خوش قسمتی سے دیگر تعمیراتی سامان کے مقابلے میں نسبتاً سستی پڑتی ہیں۔

گھاس کا استعمال

کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ گھاس سے گھر کی چھت تعمیر کی جاسکتی ہے؟ اندرون سندھ اور پنجاب میں کئی جگہوں پر چھتوں کی اب بھی گھاس پھونس سے تعمیر ہوتی ہے۔ گندم کی کٹائی اور تھریشنگ کےبعد حاصل ہونے والے بھوسے کوچکنی مٹی میں ملا کرگارا تیار کیا جاتا ہے، جو چھت کی لپائی کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس چھت کی خاصیت یہ ہے کہ یہ ناصرف انتہائی پائیدار ہوتی ہےبلکہ پانی کو گھر کے اندر ٹپکنے نہیں دیتی، یہ گھر کو ٹھنڈا بھی رکھتی ہے۔

تازہ کنکریٹ

مضبوط، سستی اور ناقابل یقین کشش کی حامل کنکریٹ ایک ایسا تعمیراتی سامان ہے، جسے ماہرین تعمیرات اور بلڈرز پوری دنیا میں تعمیراتی منصوبوں میں استعمال کرنا پسند کرتے ہیں۔

تازہ ترین