• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کچن ٹائلز کے دلکش انداز

خوبصورت اور صاف کچن کام کے دوران ذہن کو تازگی اور اعصاب کو سکون فراہم کرتاہے جبکہ بدنما، بغیر کسی ترتیب اور نظم و ضبط والاکچن مزاج پربرا اثر ڈالتا ہے اور کام میں دشواری اور تھکن کا احساس دلاتا ہے ۔ یہی وجہ ہےکہ گھر کی تعمیر میں کچن کے اسٹائل او ر اس میں استعمال ہونے والے مٹیریل کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔ سنگ مرمر ، گرینائٹ ، چپس اور سیمنٹ سے دیواروں کی آرائش قدیم طرز تعمیر کی عکاسی کرتے ہیں اور اس ضمن میں ہلکا سبز ، آف وائٹ ، سنہری ،لائٹ براؤن اور آسمانی رنگ کا انتخاب بہتر رہتا ہے ۔

اگر آپ اپنے کچن کو جدید تاثر دینا چاہتے ہیں تو شوخ رنگ اور ہاتھ سے پینٹ کی گئی ٹائلوں کا انتخاب بہترین ہے ۔آج کل کچن کی آرائش میں مختلف دھاتوں کا استعمال بھی فروغ پا رہا ہے۔ کاپر اور اسٹین لیس اسٹیل سے بنا کاؤنٹر نہ صرف کچن کو خوش نما بنا دیتا ہے بلکہ اس کی صفائی بھی آسان ہے ۔

کچن ٹائلز کے دلکش انداز

کچن میں ٹائلیں لگانے کاکام جدید بھی ہے اور آسان بھی، خاص کر ان حصوں میں جہاں صفائی کرنا مشکل ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ ان دیواروں کے لیے بھی بہترین ہے جن کو پانی، کھانے کے نشانات اور تیل کے داغ لگ سکتے ہیں کیونکہ ان ٹائلزکی صفائی کافی آسان ہوتی ہے۔ اسی لیے، اگر آپ اپنے کچن کی تعمیر یا تشکیل نو کا فیصلہ کرچکے ہیں تو ٹائلز کے انتخاب میں عمدہ ذوق کا مظاہر ہ کیجئے۔

وہ لوگ جو کچن کو مزید خوش گوار بنانا چاہتے ہیں،وہ کچن کائونٹر کیلئے میرون ، سرخ یا برائون رنگ کی ٹائلز کا انتخاب کریںیا پھرایسے رنگ کے ٹائلزجو کچن کی سجاوٹ اور انداز کے ساتھ میل کھاتےہوں۔ دیواروں پر ٹائلز کے برعکس رنگ استعمال کریں ، تاکہ کنٹراسٹ سے کچن خوبصورت دکھائی دے۔

کھانا پکانے کے دوران سنگ مرمر یاسرامک کی ٹائلز پر داغ لگ بھی جائیں تو تمام گندذرا سے پانی اور صابن کے ذریعے بآسانی صاف کیا جاسکتا ہے۔

کچن ٹائلز کے دلکش انداز

آپ بازار میں دستیاب چینی کے ٹکڑوں کا درست چناؤ کر کےبھی اپنے کچن کو پر وقار بنا سکتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ رنگ اور پرنٹ مرکزی کردار اداکرتے ہیں جنہیں کبھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ آج کل چینی کی ٹائلز کافی عام ہو چکی ہیں اور ان کی قیمت باقی ٹائلز کی طرح بہت زیادہ نہیں ہے۔ صفائی میں آسان ہونے کے ساتھ ساتھ ان کا ایک اور فائدہ یہ بھی ہے کہ یہ دیکھنے میں شاندار ہوتے ہیں اور ان کی ہموار سطح معیاری ہوتی ہے۔ 

اس ضمن میں آپ کسی ماہر پیشہ ور کی مدد حاصل کرسکتے ہیںکیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ مارکیٹ میں بہترین انتخاب کون ساہے۔ اگر کوئی ڈیزائن یا پیٹرن آپ کے ذہن میں نہ آرہا ہوتو انٹرنیٹ سے بھی مدد لی جاسکتی ہے، جہاں ہزاروں ڈیزائن اور دلکش کچن اسٹائلز موجود ہیں ،جن میں سے آپ کوئی ایک خوشگوار اور پر کشش انداز اپنا سکتے ہیں جو دیکھنے میں آنکھوں کو بھلا لگے۔

چینی کی ٹائلیں دیہی اندازاور شہری سجاوٹ کے رجحان کے مطابق لگائی جا سکتی ہیں، لیکن اس کے لیےبھی آپ کو ان کی شکل، نمونہ اور رنگ سوچ سمجھ کر چننا ہو گا۔

انٹرنیشنل کچن ڈیزائنر میٹ پرال او ر اسٹیفن گارلینڈ کے مطابق وائبرنٹ کلر اسکیم 2018کے ٹرینڈ میں سے ایک ہے اور دونوں ڈیزائنر اس برس کچن کے لئے زرد یا لائٹ گرین کا انتخاب کرتے ہیں،چونکہ کچن کے لئے منتخب کئے گئے ڈیزائن حتیٰ کہ کچن میں ہوا رنگ و روغن مکینوں کی ضروریات کے ساتھ ساتھ ان کے جمالیاتی ذوق کی نشاندہی کرتا ہے۔کہا جاتا ہے کہ کچن کا خواتین کے مزاج پر اثر انداز ہوتا ہے اور کسی بھی کمرے کا رنگ وروغن اس جگہ کومکمل طریقے سے اپنے حصار میںلےلیتا ہےکیونکہ آپ کے کچن کا رنگ جتنا شوخ اور روشن ہوگا کچن اتنا ہی کھلا کھلا اور بہترین لگے گا۔

کچن ٹائلز کے دلکش انداز

آخر میں ایک اہم بات، گھر کے تمام افراد کی صحت کا دارومدار کچن پر ہوتا ہے۔ کچن کی خوبصورتی میں وہاں بنے کیبنٹ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کچن میں موجود کیبنٹ کی ہر دوہفتے بعد صفائی کرنا بہت ضروری ہے تا کہ اس میں کسی قسم کا گند جمع نہ ہونے پائے۔ اس کے علاوہ برتن دھو کر پہلے کسی باسکٹ میں رکھے جائیں اور جب وہ خشک ہو جائیں تو انہیں کیبنٹ میں لگایا جائےکیونکہ گیلے برتن کیبنٹ میں رکھنے سے جراثیم اور بدبو پیدا ہوتی ہے۔ کچن کی صفائی کرتے ہوئے چولہے کی صفائی کرنا بھی بے حد ضروری ہے۔

ناشتہ بنانے کے بعد جب ناشتے کہ برتن دھوئے جائیں تو ساتھ ساتھ چولہا بھی صاف کیا جائے ،یہی عمل دوپہر اور رات کے کھانے کے بعد بھی دہرایا جائے۔ برتنوں کو ڈھانپ کر رکھنا چاہیے، اگر کچن میں کوئی سالن وغیرہ پڑا ہو تو اسے بھی ڈھانپ کر رکھا جائے۔ کچن میں استعمال ہونے والے رومال صاف ستھرے ہونے چاہئیں۔ کچن میں لگی ٹائلز کےدرمیان موجودگندگی کو نکالنے کے لیے بیکنگ سوڈا اور پانی کو ملا کر مسکچر بنائیں اورٹوتھ برش کی مدد سے ٹائلز کے درمیان پھنسی مٹی یا کچرے کو صاف کریں۔

تازہ ترین