• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلعی انتظامیہ لاہور کا شہباز شریف کے نام مراسلہ

ضلعی انتظامیہ لاہور کا شہباز شریف کے نام مراسلہ

لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کے نام مراسلہ جاری کیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہباز شریف کے نام مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آپ کی سیاسی جماعت کی جانب سے ریلی کی اجازت طلب نہیں کی گئی۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کے تحت ریلی یا جلسے سے 3دن قبل اجازت ضروری ہے، پیشگی اطلاع کا مقصد سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانا ہے۔

ضلعی انتظامیہ لاہور نے مراسلے میں یہ بھی کہا ہےکہ سیکیورٹی اداروں سے جلسہ یا ریلی کے مقام کی رپورٹ لینا ہے، سیکیورٹی کے پیش نظر 13جولائی کو جلسے یا ریلی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کا قافلہ لاہور کےلیے روانہ ہوگیا جس کی قیادت صوبائی صدر ن لیگ امیر مقام کر رہے ہیں۔

کارکنوں سے خطاب میں امیر مقام کا کہنا تھا کہ عوام اپنا فیصلہ 25 جولائی کو سنائیں گے۔

ادھر ساہیوال اور فیصل آباد سے بسوں میں اور قافلے کی صورت آنے والے ن لیگی کارکنوں کو پولیس نے روک گیا۔

پولیس کی جانب سےروکے جانے پرکارکنوں نے نعرے بازی کی اور وہ گاڑیاں چھوڑ کر پیدل ہی منزل کی جانب روانہ ہوگئے۔

ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز کو بھی ایک مقام پرسیکیورٹی اہلکاروں نے روک لیا ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے کارکن ملک کے مختلف مقامات سے میاں نواز شریف کے استقبال کے لیے لاہور آرہے ہیں جنہیں کئی جگہوں پر روکا گیا۔

اس سے قبل پنجاب پولیس نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی نظربندی کے احکامات جاری کر دیے، ڈپٹی کمشنر کو جاری کیے گئے مراسلے میں آئی جی پنجاب نے نظربندی کےاحکامات دیے ہیں۔

مراسلے میں خواجہ سعد رفیق، میاں مرغوب،بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، ملک سیف الملوک کھوکھر،سلمان رفیق اور وحید عالم خان کا نام بھی شامل ہے ۔

حکم کے مطابق تمام افراد کو 30 دن کے لیے نظر بند کیا جائے گا۔

تازہ ترین