دنیا بھر میں خوبصورت فن تعمیر کےشاہکار صدارتی محلات کی کمی نہیں ،جب بات ہو صدارتی محلات کی تو وائٹ ہاؤس یاترک صدرکا سفید محل فوراًذہن میں آتا ہے۔ان کے علاوہ اور بھی کئی خوبصورت اور شاندارصدارتی محلات ایسے ہیں جودنیا کے بہترین تعمیراتی نمونوں میں سے ایک مانے جاتےہیں۔ یہ محلات تمام دنیاوی ضروریات سے لیس ہوتے ہیں،یعنی ہیلی پیڈز سے لے کر انمول آرٹ کے شہہ پاروں تک۔آج ہم آپ کوکچھ ایسے ہی شاندار صدارتی محلات اور ان کی تعمیر سے متعلق آگاہی فراہم کرنے جارہے ہیں جن کو دیکھنا اور ان سے متعلق جانناآپ کے لیے دلچسپی سے خالی نہیںہوگا، یہ صدارتی محلات کون کون سے ہیں اور کس ملک میں ہیں،آئیے جانتے ہیں ۔
قازقستان
آستانہ میں واقع قازقستان کا صدارتی محل تین سال کے عرصے میں تعمیر ہوا، 2004ءمیں اس کا باقاعدہ افتتاح ہوا۔قازقستان کے صدارتی محل کوامریکا کے وائٹ ہاؤس کی مکمل نقل کے طورپر تیار کیا گیاہے۔ یہ محل صدر کی رہائش گاہ میں شامل نہیں بلکہ صرف سرکاری مقامات میںسے ایک مانا جاتا ہے۔اس عمارت میں سونے کے استعمال کے ساتھ اس پرنیلارنگ کیا گیا ہے، اس کا گنبد اسےشہر کی تمام عمارتوں سے منفرد اور خوبصورت محسوس کروانے کے لیے کافی ہے۔محل کے فرش کے لئے21 اقسام کے مختلف ماربل استعمال کیے گئے ہیں۔ اس محل کی ایک اوراہم بات یہ ہے کہ مرکزی حکومت کی اس عمارت کی تعمیری خصو صیات کے باعث یہ رات بھر اپنا رنگ بدلتی دکھائی دیتی ہے۔
گھانا
گھانا کو افریقہ میں استحکام اوراقتصادی ترقی کی ایک علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ مغربی افریقہ کے ملک گھانا کا صدارتی محل بھی فن تعمیرکے اعلیٰ نمونوں میں سے ایک ہے۔ یہ صدارتی محل گھانا کے دارالحکومت آکرا میں واقع ہے، جسے فلیگ اسٹاف ہاؤس یا گولڈن جوبلی ہاؤس کے نام سے بھی جاناجاتا ہے ،2008ءمیں اس صدارتی محل کی تعمیر کے بعد باقاعدہ طور پراس کا افتتاح کیا گیا تھا۔اس محل کی تعمیر کا ٹھیکہ بھارتی کنٹریکٹر کو دیا گیا اور 45 ملین ڈالر کے خرچ سے یہ شاندار صدارتی محل تعمیر کیا گیا۔ اس محل کو گھانا کے صدربطورسرکاری رہائش گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں ۔
روس
دنیا کے مشہور صدارتی محلات میں روس کا ’کریملین محل‘ خاصی شہرت رکھتا ہے۔ یہ محل روس کے دارلحکومت ماسکو میں واقع ہے، روسی زبان میں ’کریملین‘ قلعہ یا انتہائی محفوظ مقام کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ کریملین محل میںکئی پرانے اورلگژری محلات موجود ہیں۔ ایک پرانے محل کو اب میوزیم میں بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔اس محل کی تعمیر1837ءسے 1849ءکے درمیان مکمل کی گئی ۔2500مربع میٹر پر پھیلے اس خوبصورت محل میں 700سے زائد کمرے ہیں۔اندرونی صحن اور محل کا بیرونی حصہ مستطیل (Rectangle) شکل کا ہے،جسے دیکھ کر یہ محسوس ہوتا ہے کہ یہ تین منزلہ عمارت ہےلیکن درحقیقت یہ ڈبل اسٹوری اور منفرد صدارتی عمارت ہے جو پانچ ریسیپشن ہال پر مشتمل ہے۔
ترکمانستان
اشک آباد میں قائم سنہرے گنبد والا صدارتی محل ترکمانستان کے دارالحکومت کی سب سے شاندار عمارت ہے۔اس محل کی تعمیرنیا زوف نے کروائی، جو خود کو ترکمانستان کا بانی قرار دیتے تھےجبکہ ان کے دور میں بطور وزیرصحت خدمات انجام دینے والے بردی محمدوف اب وہاں کے صدر ہیں، جنھوں نے 2007ء میں عہدہء صدارت سنبھالا۔
ارجنٹائن
ارجنٹائن کی سرکاری رہائش گاہ کولا کاسا روسڈا (جس کے معنی گلابی گھر ہیں) کے نام سے جانا جاتا ہےجو کہ ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس کے مشرق میں واقع ہے۔ اس عمارت کا نام بیرونی رنگوںکی وجہ سے رکھا گیا جس کے متعلق مشہور ہے کہ 1870ءکی دہائی کے صدر نے ملک میںخانہ جنگی کو روکنے کے لیےاور امن قائم کرانے کی کوشش کے طور پر اس عمارت پر سرخ اور سفید رنگ کروایا تھا۔ تاہم انیسویں صدی میں اس خون جیسے سرخ رنگ میں سفید رنگ ملا کر اسے دوبارہ رنگا گیا، جس کے بعد یہ شوخ گلابی رنگ کی شکل اختیار کرگیا۔