آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
بدھ7؍ صفر المظفّر1440ھ 17؍اکتوبر2018ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سانحہ مستونگ پر بلوچستان میں سوگ

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نوابزادہ سراج رئیسانی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکے میں انسانی جانوں کے نقصان پر بلوچستان بھر کی فضا سوگوار ہے۔ صوبائی حکومت نے سانحہ مستونگ پر2روز کے سوگ کااعلان کیا ہے۔ اہم سرکاری عمارتوں پرقومی پرچم سرنگوں ہے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے مطابق ان کی جماعت تین روز کا سوگ منارہی ہے، پارٹی کا آج کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ منسوخ کردیا گیا ہے۔

نوابزادہ سراج رئیسانی کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوابزادہ سراج رئیسانی کی نماز جنازہ آج سہ پہر تین بجے ساراوان ہاوس کوئٹہ میں ادا کی جائے گی ۔ ان کی تدفین کانک میں ہوگی۔

مستونگ کے علاقہ درین گڑھ میں گزشتہ روز بلوچستان عوامی پارٹی کا انتخابی جلسہ دہشت گردی کے بدترین واقعے کا نشانہ بن گیا، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی اپنی تقریر کے لیے ڈائس پر پہنچے ہی تھےتبھی خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا۔

واقعہ میں نو گاڑیاں اور اٹھارہ موٹرسائیکل تباہ ہوئیں، مبینہ حملہ آور کےجسم کے اعضا ا کھٹے کرلئے گئے ، دھماکے میں سولہ سے بیس کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

نگراں وزیراعظم ناصرالملک نے نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری کو ٹیلی فون کیا ،وزیراعظم نے مستونگ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعہ میں بڑی تعداد میں انسانی جان کے نقصان پر پرافسوس کا اظہار کیا۔

نگران وزیر علیٰ بلوچستان علاوٴ الدین مری نے سراوان ہاوٴس میں اسلم رئیسانی اور لشکری رئیسانی سے ان کے بھائی نوابزادہ میر سراج رئیسانی اور ان کے ساتھیوں کی شہاد ت کے واقعہ پرغم اور افسوس کا اظہار کیا ۔

نوابزادہ سراج رئیسانی حلقہ پی بی 35مستونگ سے بلوچستان عوامی پارٹی کےٹکٹ پرالیکشن میں حصہ لےرہےتھے۔

دوسری جانب پاکستان بار کونسل کی جانب سے سانحہ پر بھی دو دن سوگ اور ایک دن ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

ملک بھرمیں آج عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جائے گا،وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل کامران مرتضی کا کہنا ہے وکیل دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں،واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔

سانحہ مستونگ پر کراچی بار ایسوسی ایشن نے بھی آج یوم سوگ کا اعلان کیا ہے اور وکلاعدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں