• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانی کیلئے ڈیموں اور آبی ذخائرکی تعمیر ضروری ہے، ڈاکٹرمرتضیٰ مغل

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ پانی کیلئے بھارت اور افغانستان جیسے دشمن ممالک اور تیل کیلئے عرب ملکوں پر انحصار کم کرنے کیلئے ڈیموں اور آبی ذخائرکی تعمیر ضروری ہے۔روپے کی گراوٹ سے قبل دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر پر اخراجات کا تخمینہ 1450 ارب روپے تھا جس میں اب مزید اربوں روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔اس ڈیم کی صرف زمین کی قیمت اور متاثرین کی آبادکاری کے اخراجات ایک سو ایک ارب روپے ہیں جبکہ پانی کاذخیرہ کرنے پر ساڑھے 6 سو ارب روپے کا خرچہ آئے گا۔بجٹ بنانے والوں کو یا تو ملک میں پانی کے بحران کا اندازہ نہیں یا انھوں نے اسے قصداً نظر انداز کیا تھا جو دونوں صورتوں میں ناقابل معافی جرم ہے۔ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے ایک بیان میں کہا کہ بڑے ڈیموں کی تعمیر کیلئے موجودہ حکومت اور قوم کا جذبہ لائق تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر صورت میں ڈیم بنا نے کی ضرورت ہے چاہے اسکے لئے دیگر منصوبوں کیلئے مختص فنڈز سے کٹوتی کرنا پڑے یا قرضے لینا پڑیں۔ڈیموں کی تعمیر اس لئے بھی ضروری ہے تاکہ پانی کے معاملے میں بھارت اور افغانستان پرانحصار کم کیا جا سکے اور واٹر سیکورٹی کی صورتحال بہتربنائی جا سکے۔ اس سے فرنس آئل اور ایل این جی سے بننے والی مہنگی بجلی پر بھی انحصار کم ہو گا جس سے نہ صرف ایندھن کی درآمد کی مد میں اربوں ڈالر کی بچت ہو گی بلکہ پیداواری لاگت بھی کم ہو جائے گی جس سے پیداوار، روزگار برآمدات اور محاصل میں اضافہ ہو گا۔

تازہ ترین