• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن، پولنگ اسٹیشن بننے والے نجی اسکولوں کو کھلے رہنے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے الیکشن 2018ء میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ اسٹیشن بنائے گئے نجی اسکولوں کو کھلنے رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ عدم تعاون پر ایسے اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی جبکہ ڈی جی پرائیویٹ اسکولز نے عوامی اسٹار اسکول الیون جی نیو کراچی اور گارڈ پبلک اسکول کو الیکشن کمیشن سے تعاون نہ کرنے پر اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کئے ہیں اور کہا ہے کہ اگرا سکول نے تعاون نہ کیا تو پیر کو ان کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے ان تمام نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے جنہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن 2018ء کیلئے پو لنگ اسٹیشن بنایا گیا ہے کہ وہ اپنے ادارے صبح9؍ بجے سے شام 5بجے تک کھلے رکھیں اور اپنے ادارہ کے چو کیدار کو پابند کریں کہ وہ ان اوقات میں اسکول یا کالج کے گیٹ پر لازمی موجود ہو۔ ادارہ کی انتظامیہ ادارہ میں پانی، بجلی، بیت الخلاء ، وہیل چیئر کیلئے ریمپ پیڈ کی سہولتوں کو یقینی بنائے تاکہ پولنگ کے دوران کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ ریٹرننگ آفیسرز، الیکشن کمیشن کی انتظامیہ اور ڈائیریکٹریٹ اسکولز کے افسران ان نجی تعلیمی اداروں کا دورہ کر رہے ہیں اور ان اداروں میں دستیاب تمام بنیادی سہولتوں ، (پانی، بجلی، بیت الخلاء) کا جائزہ لے رہے ہیں لہٰذا ان تمام نجی اسکولوں کے مالکان و انتظامیہ کو ہدایات کی جاتی ہے کہ وہ د ورہ کرنے والے افسران کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور الیکشن کے انعقاد میں مدد گار ثابت ہوں۔ ڈائریکٹر جنر ل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے دوٹوک الفاظ میں ان اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی نجی تعلیمی ادارے نے تعاون نہ کیا اور دورے کے دوران بند پایا گیا یا مطلوبہ سہولتیں موجود نہ ہوئیں تو ان اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ان کی رجسٹریشن فی الفور منسوخ کر دی جائے گی اور کوئی عذر قابل قبول نہیں ہوگا۔

تازہ ترین