• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے عزائم کم نہیں ہوئے نہ پاکستان کا جھنڈا گرنے دیں گے ،سرفراز بگٹی

کراچی (ٹی وی رپورٹ)بی اے پی رہنما سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ہمارے عزائم کم نہیں ہوئے نہ پاکستان کا جھنڈا گرنے دیں گے جبکہ جیو کے پروگرام” الیکشن2018ء “میں گفتگو کرتے ہوئے گلوکار جواد احمد کاکہنا تھا کہ یہ الیکشن ہمارے لئے ہار اور جیت کاپیمانہ نہیں ہے ہم الیکشن اس لئے لڑ رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے پروگرام” الیکشن2018ء “ کے آغاز میں میزبان وجیہہ ثانی نے کہا کہ گزشتہ روز انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں کئی شہیدوں کی آج نماز جنازہ ادا کی گئی ۔131 افراد کی شہادت نے ہم سب کے دل دہلا کر رکھ دیئے ہیں اور 10 دن بعد جو الیکشن ہونے جارہے ہیں اس میں جو خوشی موجود تھی جشن موجود تھا اس کے تاثر کو اس نے زائل کردیا ہے افسوس کے سیاسی ماحول میں بارود کی بو پھیل چکی ہے ۔دہشت گردی کے ان واقعات نے جہاں لواحقین کو خون کے آنسورلا دیا وہیں کئی سیاسی جماعتوں کی انتخابی سرگرمیاں ان ہی خدشات کے باعث معطل کردی گئی ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کامالا کنڈ جلسہ ملتوی کردیا گیا ہے جس پر بلاول نے انتخابی مہم کے حوالے سے اپنے تحفظات کا بھی اظہار کیا ہے۔عمران خان نے بھی آج کہا ہے کہ انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ ان کی جان کوخطرات ہیں لیکن انہوں نے کہا کہ وہ بنی گالا میں نہیں بیٹھ سکتے ۔ مستونگ سے نمائندہ جیو نیوز ندیم کوثر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل مستونگ واقعہ کے بعد جو بلوچستان کی سیاسی صورتحال ہے وہ کافی مدہم ہوتی نظر آرہی ہے آج سارا دن کوئی سیاسی سرگرمی نظر نہیں آئی اس سے پہلے بھی اندرونی بلوچستان میں سیاسی سرگرمیاں زیادہ نظر آرہی تھیں کوئٹہ میں بڑے جلسے نہیں ہوئے اس کے علاوہ لوگ گھر گھرانتخابی مہم چلا رہے تھے ۔بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم بہت متاثر ہوئے ہیں ہمارا ایک عظیم قائداور رہنما جو انتہائی محب وطن دوست تھامیرا تو اس سے ذاتی رشتہ بھی بھائیوں والا تھااس میں کوئی شک نہیں کے دکھ بہت پہنچا ہے ہمیں لیکن ہمارے عزائم کم نہیں ہوئے ہیں نہ پاکستان کا جھنڈا گرنے دیں گے نہ ہم الیکشن کے عمل سے دور ہوں گے۔
تازہ ترین