• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی اسمبلی کا حلقہ پی ایس 51، انتخابی دنگل زوروں پر، پی پی اور جی ڈی اے میں دوبدو مقابلہ

سامارو(رپورٹ:ندیم نبی قائم خانی ) صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 51 میں انتخابی دنگل زوروں پر، پی پی اور جی ڈی اے میں دوبدو مقابلہ۔امیدوار دن رات انتخابی مہم میں مصروف۔ تفصیلات کے مطابق 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پورے ملک کی طرح عمرکوٹ میں بھی سیاسی ماحول گرم ہوچکا ہے ۔ضلع عمرکوٹ سے صوبائی اسمبلی کے سب سے بڑے حلقہ پی ایس 51 سامارو پتھورومیں بھی انتخابی میلہ سج گیا ہے اور انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ جبکہ امیدواران دن رات انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ حاصل کردہ تفصیلات کے مطابق پی ایس 51 کی کل آبادی 3 لاکھ 77 ہزار 142 نفوس پر مشتمل ہے۔ حلقے میں 4 ٹاون کمیٹیاں سامارو، پتھورو، شادی پلی اور ڈھورونارو سمیت چھوٹے بڑے قصبات ودیہی علاقے شامل ہیں جبکہ کل ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 71ہزار 2 سو 89ووٹ رجسٹرڈ ہیں جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 90ہزار 9 سو 97 ہے اور خواتین ووٹرز کی تعداد 80ہزار 2 سو 92 ہے جن کے لئے 152پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں ۔پی ایس 51پر کل 18امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جن میں سے دستبرداری کی تاریخ گزرنے کے بعد اب کل پندرہ امیدوار میدان میں باقی بچے ہیں جن میں سے چند تو پی پی اور جی ڈی اے امیدواران کے کورنگ امیدوار شامل ہیں۔پی ایس 51پر پی پی کے سیدسردارشاہ ، جی ڈی اے کے فقیرجادم منگریو ، ن لیگ کی شریمتی مریم رامچند بھیل ، ایم ایم اے کی عشرت ناز ،سندھ یونائٹیڈ فرنٹ کے خادم انڑ ، پی پی کے سابق ایم پی اے وسروری جماعت کے حاجی علی مراد راجڑ اور راجونی اتحاد کے سربراہ سردارغلام مصطفیٰ خاصخیلی ودیگر انتخابی دوڑ میں شامل ہیں مگر پی پی کے سید سردار شاہ اور جی ڈی اے کے فقیر جادم منگریو کے درمیان دوبدو مقابلے کاامکان ہے۔گزشتہ عام انتخابات جو 2013 میں منعقد ہوئے تھے اس میں بھی انہی دونوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہواتھا جس میں پی پی کے سید سردار شاہ نے 35 ہزار 89 ووٹ اور فقیر جادم منگریو نے 31 ہزار 408 ووٹ حاصل کئے تھے اور 3600 ووٹوں سے سید سردار شاہ کامیاب ہوئے تھے جنہیں بعد ازاں صوبائی وزیر سیاحت وثقافت کی زمہ داری دی گئی تھی ۔

تازہ ترین