جدہ ( نیوز ڈیسک ) سعودی عرب کی فضائیہ نے جنوبی شہر نجران کی جانب یمن سے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو تباہ کر دیا ہے ۔ سعودی عرب کے عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز یمن سے حوثی ملیشیا نے یہ میزائل داغا تھا اور اس سے سرحدی شہر نجران کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی لیکن اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ا یران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں سعودی عرب پر میزائل حملے تیز کردیے ہیں ۔سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز حوثی باغیوں کے 6 جون 2015ء کے بعد سے داغے گئے 120 سے زیادہ بیلسٹک میزائلوں کو ناکارہ بنا چکی ہیں ۔ ان میں ایک اسکڈ میزائل بھی شامل تھا ۔حوثی باغی ستمبر 2104ء میں یمن کی قانونی حکومت کے خلاف بغاوت برپا کرنے کے بعد سے سعودی عرب کے جنوب میں واقع سرحدی شہر نجران کی جانب لا تعداد راکٹ اور میزائل فائرکر چکے ہیں ۔