• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

20 صوبوں کیلئے قانون سازی، جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کا عزم، ایم کیوایم پاکستان نے منشور پیش کردیا

20 صوبوں کیلئے قانون سازی، جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کا عزم، ایم کیوایم پاکستان نے منشور پیش کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے اپنا انتخابی منشور پیش کردیا جس میں 20صوبوں کیلئے قانون سازی اور جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ملک میں رائج فرسودہ جاگیردارانہ نظام جمہوریت کی ضد ہے ، ایم کیوایم یہ سمجھتی ہے کہ جب تک شراکتی شمولیتی جمہوریت کا قیام عمل میں نہیں آتاپاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور تحفظ کی منزل حاصل نہیں کی جاسکتی ،سندھ میں معذور بلدیاتی نظام دیا گیا، جمہوریت گلیوں اور محلوں تک پہنچتی چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے الیکشن 2018ء کے سلسلے میں اپنے منشور کا اجراء کردیا ہے جو 20نکات پر مشتمل ہے ۔ منشور کا اجراء ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ہفتے کو ایم کیوایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد کے سامنے واقع بہادر آباد کلب میں منعقدہ پرہجوم پریس کانفرنس میں کیا ۔ اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان ، ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار ، ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل ، رکن رابطہ کمیٹی فیصل سبزواری اور سردار احمد بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے مستونک میں سراج رئیسانی شہید کے انتخابی قافلے پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سانحہ میں مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت کیلئے دعا کی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے منشور میں نئے صوبوں کا قیام، بلدیاتی حکومتوں کا مربوط نظام، کوٹہ سسٹم کا خاتمہ، تعلیم، صحت اور امن وا مان کی بہتر صورتحال کا ذکر کیا گیا ہے۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کوٹہ سسٹم قابلیت کا قتل تھا، نئے صوبے بنائیں گے، فاٹا کے انضمام کیلئے عوامی امنگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ووٹ دیا۔یہ وہ نکات جن کو لے کر متحدہ قومی موومنٹ عام انتخابات میں عوام سے ووٹ مانگے گی۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان ایک ایسی فلاحی ریاست کے قیام کی خواہاں ہے جو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور بانیان پاکستان کے افکار اور خیالات کے مطابق ہو اور اس اعلیٰ مقصد کے حصول کا واحد راستہ ایک ایسی شراکتی ، شمولیتی جمہوریت ہے جس میں عوام کے تمام طبقہ آبادی کو شریک کیاجائے، فیصلہ سازی میں ان کی رائے کا احترام کیاجائے اس کیلئے تعلیم ، صحت سمیت تمام بنیادی حقوق کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری اور عوام کا حق ہو جہاں پر پاکستانی بلا امتیاز رنگ ، نسل و مذہب آزادی کے ساتھ زندگی بسر کرسکیں، ایک ایسے نظام کے حصول کیلئے ایم کیوایم پاکستان آج سال 2018ء کے انتخابات کیلئے اپنے منشور کا اجراء کررہی ہے اس منشور کے چیدہ چیدہ نکات میں نئے صوبوں کا قیام ، بلدیات ، حکومتی عملداری ،وسائل کی منصفانہ تقسیم ، تعلیم ، صحت ، معیشت ، دہشت گردی کا خاتمہ ، غربت و بے روزگاری کا خاتمہ ، توانائی ، کوٹا سسٹم کا خاتمہ ، آبپاشی ، انسانی حقوق ، کھیل و ثقافت اور دیگر شامل ہیں ۔خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان یہ سمجھتی ہے کہ تیز رفتار ترقی کیلئے نئے صوبوں کاقیام ناگزیر ہے۔

تازہ ترین