• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگراں وزیر اعظم کی انتخابی امیدواروں، سیاسی ریلیوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت

نگراں وزیر اعظم کی انتخابی امیدواروں، سیاسی ریلیوں  کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت

 کوئٹہ(اے پی پی‘جنگ نیوز)نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ انتخابی امیدواروں اور سیاسی ریلیوں اور کارنر میٹنگز میں شرکت کرنے والے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام سیکورٹی اقدامات اور ہر ممکن حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے سلامتی سے متعلق انتظامات کے بارے میں سیاسی قیادت سے مشاورت اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو رونما ہونے سے بچنے کے لئے ان کا تعاون حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اتوار کو وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت گورنر ہاؤس کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا عمومی اور سانحہ مستونگ کے تناظر میں خصوصی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے مستونگ دھماکے کے بارے میں اجلاس کے شرکاءکو بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے صوبے میں عام انتخابات کے پر امن اور احسن انداز میں انعقاد کے لئے کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں بھی اجلاس کے شرکاءکو آگاہ کیا۔ وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انتخابی امیدواروں اور سیاسی ریلیوں اور کارنر میٹنگز میں شرکت کرنے والے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام سیکورٹی اقدامات اور ہر ممکن حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے سلامتی سے متعلق انتظامات کے بارے میں سیاسی قیادت سے مشاورت اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو رونما ہونے سے بچانے کے لئے ان کا تعاون حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور معاونت سے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے فوری مہم بھی شروع کرنی چاہیے تاکہ عام لوگوں کو سیکورٹی سے متعلق معیاری طریقہ ہائے کار (ایس او پیز) کے بارے میں معلومات مل سکیں اور لوگ اس پر عمل کر سکیں۔ وزیراعظم نے سانحہ مستونگ کے بعد زخمیوں کو بروقت امداد فراہم کرنے اور انہیں منتقل کرنے کے ضمن میں مسلح افواج اور سول انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی جس کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں بچ گئیں۔

تازہ ترین