• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈوریں ہلانے والے مجھے عوام سے دور نہیں کرسکتے، نواز شریف

ڈوریں ہلانے والے مجھے عوام سے دور نہیں کرسکتے، نواز شریف

راولپنڈی(آئی این پی،صباح نیوز )سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ مجھے آپ سے دور رکھنے کیلئے قید میں ڈال دیا گیا ہے، میری اور پوری قوم کی بیٹی مریم بھی جیل میں ہے ، یہ لوگ نہیں جانتے کہ یہ جیل اور یہ قید میرا اور آپ کا رشتہ کبھی ختم نہیں کرسکتی ،نہ کل کوئی ڈکٹیٹر یہ رشتہ توڑ سکا اور نہ آج ڈوریں ہلانے والے یہ رشتہ توڑ سکیں گے ۔ جبکہ مریم نواز نے کہا ہے کہ مخالفین نے والد کی کمزوری بنانا چاہا لیکن طاقت بن کر ابھری ،گھر گھر ووٹ کو عزت دو، کا پیغام پہنچائیں۔ یہ بات سابق وزیر اعظم نوازشریف اور انکی بیٹی مریم نواز نے اتوار کو جیل سے اپنے آ ڈ یو پیغام میں کہی ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ مجھے آپ سے دور رکھنے کےلئے قید میں ڈال دیا گیا ہے، جیل اور قید کی ان گھڑیوں میں میری آپ سے درخواست ہے کہ میری اہلیہ کلثوم کیلئے دعا کیجئے جنہیں میں تشویشناک حالت میں اللہ کے سپرد کر کے آیا ہوں ،میں دیکھ رہا ہوں کہ پورے ملک کو ایک جیل میں بدل دیا گیا ہے ،ہمیں اب زنجیریں توڑنا ہوں گی ،اس قید سے نکلنا ہوگا ،70سال سے جاری کھیل سے نجات حاصل کرنا ہوگی جس نے قائداعظم کے پاکستان کو تماشہ بنا دیا ہے ،اسی لئے ووٹ کو عزت دوکا جھنڈا اٹھا کر نکلا ہوں اور میرے وطن کے غیور لوگوآپ بھی جھنڈا اٹھا کر نکلو ،25جولائی کو عظیم الشان فتح کا دن منانے کیلئے میدان میں آؤ، گھر ،گلی گلی ، کوچے کوچے گاؤں گاؤں میرا یہ پیغام پہنچاؤ۔اپنے ووٹ کی توہین کرنے والوں کو ایسی شکست دو کہ وہ کبھی نہ سر اٹھا سکیں ، اٹھو اور ایک تحریک بن کر پھیل جاؤ۔انشاءاللہ ایک عظیم فتح آپ کی منتظر ہے۔اللہ تعالیٰ آپ کا حامی وناصر ہو۔جبکہ مریم نوازنے جیل سے آڈیو پیغام میں کہاکہ مخالفین نے مجھے میرے والد کی کمزوری بنانا چاہا مگر میں اپنے والد کی طاقت بن کر ابھری ہوں۔ آپ کو معلوم ہے کہ میں اپنی والدہ کو شدید بیماری میں اکیلا چھوڑ کر آئی ہوں۔ جب اپنے والد کے ہمراہ لندن پہنچی تو میری والدہ آئی سی یومیں زیرِ علاج تھیں، ہماری واپسی پر انہوں نے چند لمحوں کیلئے آنکھیں کھولیں مگر ہماری ان سے بات نہ ہوسکی۔انہو ں نے کہا کہ وہ یہاں قانون کے آگے سر جھکانے اور جیل کاٹنے وطن واپس آئی ہیں، تاہم قوم سے اپیل ہے کہ وہ ان کی والدہ کی صحت یابی کیلئےدعا کرے۔اپنی سزا سے متعلق مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ قید میں اس لیے نہیں کہ انہو ں نے کوئی جرم کیا بلکہ ان کا قصور صرف یہ ہے کہ ان کی رگوں میں نواز شریف کاخون ہے۔میں ایک بہادر باپ اور بہادر قوم کی دلیر بیٹی ہوں۔مسلم لیگ (ن)کی انتخابی مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ اگر جیل میں نہ ہوتی تو آپ کی تاریخی اور فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہوتی، لیکن اس کے باوجود ہر لمحہ آپ کی بیٹی آپ کے ساتھ ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ الیکشن کی بھرپور تیاری کریں، اور گھر گھر ووٹ کو عزت دو کا پیغام پہنچائیں۔بہنیں او ر بیٹیاں اس جنگ کا ہر اول دستہ بنیں۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے مریم نواز ایک حلقے سے الیکشن لڑ رہی تھی مگر اب ملک کے 272 حلقوں سے الیکشن لڑ رہی ہے۔

تازہ ترین