• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہارون بلور شہادت، اے این پی کا سوگ ختم، آج سے دوبارہ میدان میں نکلنے کا اعلان

پشاور(نمائندہ جنگ) عوامی نیشنل پارٹی نے یکہ توت خودکش دھماکہ اورہارون بلور کی شہادت کے سوگ کے بعد انتخابی اور پارٹی سرگرمیاں بھر پور انداز میں شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے این پی کی قیادت اور کارکن ڈر کر میدان چھوڑنے والے نہیں ، ہم آخری حد تک لڑیں گے، انتخابی سرگرمیاں محدود کریں گے اور نہ ہی کوئی بائیکاٹ کریں گے، پارٹی دفاتر کھل گئے، قائدین اور کارکنوں نے بازوں سے سیاہ پٹیاں اتار دیں اور پارٹی کا سرنگوں پر دوبارہ لہرادیا گیا،حاجی غلام بلور بھی آج سے دوبارہ انتخابی مہم کے سلسلہ میں میدان میں نکلیں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی نے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اور حلقہ پی کے78کے انتخابی امیدوار ہارون بشیر بلور کی خودکش حملہ میں شہادت پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا جس کے دوران خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں اے این پی کی سرگرمیاں معطل ، باچا خان مرکز سمیت تمام پارٹی دفاتر بند اور پرچم سرنگوں رہا جبکہ اے این پی کے قائدین نے احتجاجاً بازوں پر سیاہ پٹیاں بندھیں، اے این پی نے سوگ کے بعد آج سے دوبارہ انتخابی اور پارٹی سرگرمیاں شروع کرنے کافیصلہ کرلیا ہے، اس سلسلے میں اے این پی سٹی ڈسٹرکٹ کے عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پشاور میں انتخابی مہم کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اے این پی کے قائدین اور کارکن ڈرنے کی بجائے پہلے سے زیادہ موثر انداز میں انتخابی مہم چلائیں گے، اس سلسلے میں اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے ’’ جنگ‘‘ کو بتایاکہ زندگی اور موت اللہ تعالی ٰ کے ہاتھ میں ہے، جس جگہ ہارون بلور شہید ہوئے وہاں وہ جارہے تھے صرف چھ منٹ کا فرق تھا جبکہ الیاس بلور اسٹیج پر موجود تھے تاہم اللہ تعالی نے انہیں محفوظ رکھا، حاجی غلام بلور نے بتایاکہ ان پر متعدد خودکش حملے ہوچکے ہیں جن میں ان کے گارڈز اور ڈرائیور سمیت درجنوں افراد شہید ہوئے ،انہوں نے کہاکہ ہم ڈرکر میدان چھوڑنے والے نہیں بلکہ آج سے پشاور میں نئے جذبہ اور جوش کیساتھ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔

تازہ ترین