• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بادلوں کا راج، ملک کے دیگر شہروں میں بارش

کراچی میں بادلوں کا راج، ملک کے دیگر علاقوں میں بارش

کراچی میں صبح سویرے ہی سے بادلوں نے آسمان کو گھیرے رکھا ہے، شہر میں کہیں کہیں ہلکی پھلکی بوندا باندی بھی ہوئی تاہم کراچی کے شہریوں کی موسلا دھار بارش کی خواہش ادھوری ہی رہ گئی۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر قائد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ مغربی علاقوں سے ہوائیں 118لومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے۔

ادھر ملک کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی بارش ہوئی تو کہیں تیز اور اکثر جگہوں پر بادلوں کے ڈیرے ہیں، شمال مشرقی بلوچستان کے بالائی علاقوں، بدین، حیدر آباد، پڈعیدن، مردان اور صوابی میں بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، ژوب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے ٘مختلف شہروں میں کہیں ہلکی بارش ہوئی اور کہیں موسم ابرآلود ہے، پنجاب کے کئی شہروں میں بھی بارش سے موسم خوش گوار ہے۔

بلوچستان کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے آج دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں موسم ابرآلود ہے۔

سانگھڑ، مٹیاری، حیدرآباد، پڈعیدن، ٹنڈو محمد خان، نوشہرو فیروز، نواب شاہ، سکھر اور بدین میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

پنجاب کے ضلع میانوالی میں تیزبارش ہوئی جبکہ سرگودھا، منڈی بہاءالدین، بہاولپور سمیت کئی شہروں میں کالےبادل برسنے کو تیار ہیں۔

بلوچستان کے بالائی علاقوں ژوب، کوہ سلیمان، میختر، دُکی سمیت مختلف علاقوں میںموسلا دھار بارشوں سے پہاڑی نالوں میں طغیانی ہے، ژوب ڈی آئی خان شاہراہ پر بھی آمدورفت متاثر ہے۔

خیبرپختونخوا، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں کہیں بارش اور کہیں موسم ابرآلود ہے،پشاور سمیت خیبرپختونخواہ کے دیگرا ضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کے بیشتراضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ ہزارہ اور مالاکنڈ ریجن میں مزید بارشوں کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش رسالپور میں 95 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اپر دیر میں 44، کوہاٹ میں 31، چراٹ میں22، بالاکوٹ میں9، لوئر دیرمیں 6، مالم جبہ میں5، پشاور اور کالام میں 3،3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

پشاورمیں بھی گزشتہ روز کی بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے، پشاورکاکم سے کم درجہ حرارت 26 اور زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا مکان ہے۔

تازہ ترین