• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کشف نے 3دن قبل 14ویں سالگرہ منائی تھی

عسکری پارک انتظامیہ کی غفلت نے 14سالہ بچی کشف کی زندگی لے لی،جس نے 3دن قبل ہی اپنی سالگرہ منائی تھی ۔

کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی میں واقعے عسکری پارک میں جھولا گرنے کے واقعے میں جاں بحق ہونے والی کشف چھ بہن بھائیوں میں سے بڑی اور ماں باپ کی لاڈلی تھی۔

ویک اینڈ بھی تھا اور اسکول کی چھٹیاں بھی ،تفریح کے لئے دادا، دادی اور بہن بھائیوں کے ساتھ عسکری امیوزمنٹ پارک چلی گئی، جدیدجھولوں کی دھوم ان دنوں بہت سنائی دے رہی تھی،مگر کسے معلوم تھا کہ غیر ملکی طرز کےچائنا سے منگوائے گئے یہ جھولے ناپائید ار نکلیں گے۔

کشف کی والدہ فرط غم بوجھل دل کے ساتھ بار بار ایک ہی التجا کرتی رہیں کہ ایسے پارکس بند کردئیے جائیں جہاں انسانی زندگی سے زیادہ پیسے کی اہمیت ہو۔

معصوم کشف اکیلی فرزبی پینڈولم جھولے میں بیٹھی جو 360ڈگری پر زمیں سے 40فٹ اوپر کچھ یوں گھومتا ہے کہ لوگ تھرل محسوس کرتے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق ابھی جھولا گھومنا شروع ہی ہوا تھا کہ زوردار آواز کے ساتھ زمین پر آگرا۔ آ ہوں اور سسکیوں کی آواز میں کشف کا بے سدھ زخموں سے چور جسم بھی تھا۔

کشف کے بابا کاروباری کام سے چائنا میں مصروف تھے، جہاں انہیں یہ افسوسناک خبر ملی ،اس 14سالہ لڑکی نے 12جولائی کو ہی سالگرہ منائی تھی۔

والدین کا کہنا ہےکہ کشف بہت خوش تھی، جب تک وہ حیات تھی ان کے مسکرانے کی وجہ رہی، کشف کی نماز جناز ہ شرف آباد کے قریبی مسجد میں ادا کی گئی اور اس کی تدفین عیسی نگری قبرستان میں بوجھل دلوں کے ساتھ کردی گئی۔

تازہ ترین