• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگراں حکومت پیپلزپارٹی کومسلسل نشانہ بنا رہی ہے، عاجز دھامراہ

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات و امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی ایس 66 عاجز دھامراہ نے ٹنڈو ولی محمد میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی شہر کے ان قدیم علاقوں کے عوام کو نہ کبھی پہلے بھولی ہے اور نہ آئندہ بھولے گی، شہر کے یہ قدیم علاقے ماضی میں پیپلزپارٹی کی حمایت کرنے کی وجہ سے نظر انداز کئے گئے جبکہ شہر کا مینڈیٹ رکھنے والوں نے اپنے ووٹروں کو بھی مسلسل نظرانداز کیا ، لیکن اب پیپلزپارٹی کسی نسل پرست، لسانیت پسند کو شہر کے عوام سے زیادتیوں کی اجازت نہیں دے گی، حیدرآباد کے ایک حلقے سے ماں باپ کا ایک نافرمان، ایک سیاسی بازیگر انتخاب لڑ رہا ہے جو کہتا ہے کہ سندھی قوم نے ٹھیکہ نہیں لیا کہ ہر دور میں بھٹو کے نام پر ووٹ دے، میں اسے بتا دینا چاہتا ہوں کہ سندھی اور پاکستانی عوام نے اپنے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی‘، ملک کی سا لمیت اور امن کےلئے جانیں دینے والوں کو ہمیشہ عزت دی ہے، وہ کسی ناخلف نافرمان کی ہرزہ سرائی کو قبول نہیں کرے گی، سندھ کے عوام شہید بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے چاہنے والے حسینی قافلے کے سپاہی ہیں، یہی محبتوں کے قرض ہیں جو تاحیات اتارے جاتے ہیں۔ عاجز دھامراہ نے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک جرائم پیشہ شخص کے کہنے پر نگران حکومت پیپلزپارٹی کے رہنماوں کے خلاف متنازع فیصلے کرکے اپنی غیر جانبدار حیثیت کو مشکوک بنادیا ہے، نگراں حکومت مسلسل پیپلزپارٹی کو نشانہ بنا رہی ہے، ہماری کارنر میٹنگز کو سبوتاژ کیا جارہا ہے، ہمارے امیدواروں کو حراساں کیا جا رہا ہے، انہیں جی ڈی اے یا آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے کےلئے دھمکایا جا رہا ہے مگر ان تمام فسطائی ہتھکنڈوں کے باوجود پیپلز پارٹی جی ڈی اے کے سیاسی مردوں کے اتحاد کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کرے گی۔ سید فیاض علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹنڈو ولی محمد ہمیشہ سے پیپلز پارٹی کا گڑھ رہا ہے اور انشاءاللہ آئندہ بھی یہاں سے پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، ہم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے انتہائی مشکور ہیں کہ انہوں نے عاجز دھامراہ جیسے کہنہ مشق سیاسی کارکن کو اس حلقے سے انتخاب لڑنے کےلئے منتخب کیا ہے۔

تازہ ترین