• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک ایران مسلح افواج میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

پاک ایران مسلح افواج میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

اسلام آباد (نمائندگان جنگ، خبر ایجنسی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک ایران مسلح افواج میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، تعاون سے خطے کے امن و سکیورٹی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے، انہوں نے یہ بات ایران کے اعلیٰ سطح کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایرانی جنرل نے ڈاکٹر محمد باقری نے حالیہ دہشتگردی کی مذمت کی اور کہا کہ جنرل باجوہ کے دورہ ایران سے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل ڈاکٹر محمد باقری کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے وزارت خارجہ میں نگراں وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے بعد ازاں جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ،علاقائی سلامتی ،دفاعی تعاون اور پاک افغان سرحدی انتظام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے پاکستان اور ایران کے درمیان جاری تعاون کو سراہااور مستقبل میں اسے مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ۔پاک فوج کے شبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کی افواج کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کے خطے میں امن و استحکام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل ڈاکٹر محمد باقری نے پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی ۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے دورہ ایران کے بعد پاک ایران مسلح افواج کے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔

تازہ ترین