• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حقوق انسانی کمیشن کے تحفظات بلا جواز ، سارا کنٹرول ہمارے ہاتھ میں ہوگا،الیکشن کمیشن

حقوق انسانی کمیشن کے تحفظات بلا جواز ، سارا کنٹرول ہمارے ہاتھ میں ہوگا،الیکشن کمیشن

اسلام آباد ( طاہر خلیل ) الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں فوج کے عمل دخل سے متعلق حقوق انسانی کمیشن کے تحفظات کوبلاجواز قرار دیا ہے اورکہا ہے کہ انتخابات کے انتظامات، پولنگ اور نتائج مرتب کرنے کے تین بڑے عوامل میں فوج کا کوئی کردار نہیں ، انتخابات کی شفافیت کو فول پروف بنایاگیا اور سارا کنٹرول ہمارے ہاتھ میں ہوگا۔الیکشن کمیشن کے سیکرٹری بابریعقوب فتح نے پیر کو نمائندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ پاکستان کے کون سے انتخابات ہیں جس میں فوج کا تعاون حاصل نہیں کیاگیا۔ الیکشن کمیشن نے آئینی ذمےداریاں پوری کیں۔ فوج کا تعاون حاصل کرنے کے لئے آئین کے تحت اختیارات استعمال کئےگئے۔ ہمارے پیش نظر حالیہ برسوں میں ہونے والے 122 ضمنی انتخابات کا تجربہ اور ریکارڈ بھی تھا جس میں سیاستدانوں نے خود فوج بلانے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر کیمرے لگائے گئے ہیں جن کی مکمل مانیٹرنگ ہوگی۔ نتائج ریٹرننگ افسر نے جمع کرنا ہیں، چیکس اینڈ بیلنس بنائے گئے ہیں سکیورٹی عملے کی ذمے داریاں ضابطہ اخلاق میں متعین کردی گئی ہیں۔ہر پارٹی اورہر سیاسی لیڈر کو خطرات ہیں۔ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر فوج کی مدد ضروری تھی۔ امیدواروں پر سیاسی وفاداری بدلنے کے دبائو سےمتعلق الزام کاجواب دیتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ پارٹیاں بدلنا سیاستدانوں کے معمول کا حصہ ہے یہ کوئی انوکھا واقعہ نہیں، ہمارے پاس کوئی شکایت نہیں آئی کہ کسی امیدوار نے کہاہو کہ اسے پارٹی وفاداری بدلنے پر مجبور کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان کے مخالف مسلم لیگ(ن) کے امیدوار راجہ قمرالاسلام کی گرفتاری کی اطلاع ملی تو فوراً چیف الیکشن کمشنر نے چیئرمین نیب کو خط لکھا کہ الیکشن تک کسی کو نہ پکڑیں چیئرمین نیب نے فوری بیان جاری کیا کہ انتخابات تک کسی سیاستدان کو گرفتار نہیں کریں گے۔ ملتان میں ن لیگ کے امیدوار پرتشدد اور زاہدحامد کے بیٹے کوہراساں کرنے کے واقعات پر چیف الیکشن کمشنر نے نگران وزیراعلیٰ کو خطوط لکھے۔ میاں نواز شریف کی دوبئی سے واپسی پر جب کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کی اطلاع ملی تو اسی وقت چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب سے کہاگیا کہ انتخابی مہم کو جاری رہنے دیا جائے آئی جی پنجاب کو سیکرٹری الیکشن کمیشن کی طرف سے خط بھیجاگیا کہ کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کریں ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہاکہ حقوق انسانی کمیشن کااحترام کرتے ہیں لیکن الزامات، تحفظات اور شکایات کے ازالے کےلئے ٹھوس ثبوت پیش کرنا ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن نےتمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کئے ہیں اور مانیٹرنگ ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں۔ ضابطہ اخلاق اور قانون کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی ہماری ذمے داری ہے۔

تازہ ترین