• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کا جیل ٹرائل غیر منصفانہ اقدام ہے،مشاہدحسین سید

لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ نواز شریف اورمریم نواز کاجیل میں ٹرائل کرنا غیر منصفانہ اقدام ہے،وہ کوئی دہشتگرد نہیں ہیں ،ان کا اوپن ٹرائل ہونا چاہیے، مسلم لیگ (ن) مقبولیت کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے لیکن انتخابات میں گند ڈالنے ،جھرلو پھیرنے اور دھونس دھاندلی کی کوششیں ہو رہی ہیں ،اینٹی رگنگ سیل کو فعال کر دیا گیا ہے جس کے تحت کسی بھی طرح کی شکایات کو منظر عام پر لایا جائے گا ۔ انہوں نے نصیر بھٹہ ایڈووکیٹ اور دیگر کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ایک موثر اور منظم نظام انتخابی دھاندلی الیکشن 25جولائی 2018ء کو منظر عام پر لانے اور بچاؤ کیلئےاینٹی رگنگ سیل متعارف کروا رہی جس کے لئے چیف پولنگ ایجنٹس کی تربیت کیلئے قومی کانفرنس 19جولائی کو ہو گی۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ رات کے وقت پی ایچ اے کے ٹرک آتے ہیں اور مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے آویزاں بینرز او ر فلیکسز میں سے صرف مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے بینرز اور فلیکسز اتار کر لے جاتے ہیں اور یہ باقاعدہ طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدوار کسی بھی طرح کی دھاندلی اور شکایات کی ریکارڈنگ کریں گے اور ہمیں بھجوائیں گے ۔ ہمارے امیدوار وکلاء سے لنک ہوں گے جو لیگل ایکشن لیں گے ،اس کے علاوہ سوشل میڈیا ٹیم اور یہ ریکارڈنگزہیڈ کوارٹر بھی آئیں گے ۔ انتخابات میں اندرون ملک کے علاوہ بیرون ممالک سے بھی آبزرور زآہے ہیں انہیں بھی اس سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 19جولائی کو ایک کانفرنس کا اہتمام کر رہی ہے جس کا افتتاح محمد شہباز شریف کرینگے اس میں نواز شریف او ر مریم نواز کا پیغام پڑھ کر سنایا جائے گا جبکہ اس کے علاوہ اپنے چیف پولنگ ایجنٹس کو تربیت دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں دہشتگردی کے واقعات خطرناک رجحان ہے جس کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کی ہے ۔
تازہ ترین