• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں پہلی بارخواتین کوریموٹ کنٹرول کرین آپریٹ کرنے کا لائسنس جاری

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستانی تاریخ میں پہلی بار خواتین کو ریموٹ کنٹرول کرین آپریٹ کرنے کا لائسنس دے دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے واحد ڈیپ واٹر کنٹینر ٹرمینل ہچیسن پورٹس پاکستان نے ریموٹ کنٹرول شپ ٹو شور گینٹری کرینوں کو چلانے کے لئے اپنے مینجمنٹ انجینئرنگ ٹرینی اہلکاروں میں پہلی بار خواتین کو بھی لائسنس دے کر اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ مینجمنٹ انجینئر ٹرینی اہلکاروں میں 24 سالہ فریال انور اور 27 سالہ امامہ سلیم نے کنٹینر پورٹ پر ایس ٹی ایس کرین آپریشنز کو ریموٹ کنٹرول سے چلانے کی تربیت مکمل کرلی ہے۔ فریال انور ریموٹ آپریٹنگ اسٹیشن کے ساتھ مینول کرین بھی آپریٹ کرسکتی ہیں۔ ہچیسن پورٹس پاکستان کے ہیڈ اور جنرل منیجر کیپٹن سید راشد جمیل نے کہا کہ فریال اور امامہ کرینیں آپریٹ کرنے کی باقاعدہ لائسنس یافتہ تربیت مکمل کرنے والی پہلی پاکستانی خواتین ہیں۔ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ یہ دونوں نوجوان انجینئرز پاکستان میں تمام نوجوان خواتین کے لئے مثالی کردار بنیں گی بالخصوص وہ خواتین جو ایسے شعبوں میں اپنا کیرئیر بنانے کی خواہاں ہیں جہاں پہلے صرف مرد ہی تھے ۔

تازہ ترین