• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
 یورپین یونین اور جاپان میں آزاد تجارتی معاہدہ

یورپین یونین اور جاپان کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت دونوں فریق ایک دوسرے کی تقریباً تمام برآمدی اشیاء پر ٹیکس ختم کر دیں گے ۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب منگل کے روز جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں منعقد ہوئی جہاں یورپین یونین کی جانب سے یورپین کمیشن کے سربراہ جاں کلاڈ جنکر ، یورپین کونسل کے سربراہ ڈونلڈ ٹسک اور جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے نے دستخط کئے۔

یورپ کی جانب سے کسی دوسرے فریق کے ساتھ کیا جانے والا یہ سب سے بڑا معاہدہ ہے ۔آزادانہ معاہدہ کرنے والے یہ دونوں فریق دنیا کی مجموعی تجارت کے 30 فیصد حجم کے حامل ہیں ۔

دوسری جانب معاہدے سے یورپین یونین اور امریکہ کے درمیان لفظی گولہ باری میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یورپ کو’ دشمن‘ قرار دینے کے بعد یورپی خارجہ امور کی سربراہ فید ریکا موغرینی نے اس معاہدے کے تناظر میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ہمارے بھی اور دوست موجود ہیں ۔

ڈونلڈ ٹسک نے کہا کہ سیاسی طور پر یہ معاہدہ بین الاقوامی سیاست میں بڑھتے ہوئے اندھیروں میں روشنی کی کرن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن نہ صرف یورپی و جاپانی عوام کیلئے اچھا دن ہے بلکہ ان تمام کیلئے جو باہمی احترام اور تعاون پر یقین رکھتے ہیں ۔

تازہ ترین