• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی،مستقل رجسٹرار کی عدم موجودگی سے انتظامی معاملات سست روی کا شکار

جامعہ کراچی،مستقل رجسٹرار کی عدم موجودگی سے انتظامی معاملات سست روی کا شکار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن جامعہ کراچی نے کہا ہے کہ جامعہ کراچی میں مستقل رجسٹرار نہ ہونے کی وجہ سے انتظامی معاملات انتہائی سست روی کا شکار ہیں اور انتظامی تجربہ نہ ہونے کہ وجہ سے ملازمین کے مسائل کا انبار لگ گیا ہے۔ایسوسی ایشن کے نائب صدر سفیر محمد کے مطابق رجسٹرار جامعہ کراچی کو بدھ کو ایک درخواست جمع کروائی جس میں سیمینار لائبریرینز کی الیکشن ڈیوٹی کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ رجسٹرار جامعہ کراچی سے ملاقات کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے صاف انکار کردیا کہ میںبات نہیں کروں گا، مجھے اپنے شعبے میں جانا ہے۔سفیر محمد کے مطابق رجسٹرار سے جب بھی ملاقات کیلئے ایسوسی ایشن کے نمائندے جاتے ہیں تو وہ ہمیشہ یہی بات کرتے ہیں ۔یہ معاملہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے اور ملازمین الیکشن کی ڈیوٹی قومی فریضہ سمجھتے ہوئے انجام دے رہے ہیں اور ہمارے سیمینار لائبریرینز ریگولر نہ ہونے کہ باوجودرجسٹرار کہ تحریری حکم پر ٹریننگ بھی کر چکے ہیں اور الیکشن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کو تیار ہیں ۔ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن جامعہ کراچی کو سنڈیکیٹ سے منظوری کے باوجود سیمینار لائبریرینز کو ریگولر نہ کرنے پر شدید تحفظات ہیں اگر بادل نا خواستہ الیکشن والے دن ہمارے ملازمین سیمینار لائبریرینز کے ساتھ کوئی جانی یا مالی نقصان ہوا توپوری ذمہ داری انتظامیہ جامعہ کراچی پر عائد ہوگی کیونکہ انتظامیہ جامعہ نے جانتے بوجھتے ہوئے کنٹریکٹ ملازمین کی ڈیوٹی الیکشن میں لگوائی ہے۔ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن جامعہ کراچی چیف جسٹس آف پاکستان، گورنر سندھ ، وزیراعلیٰ سندھ ، چیف الیکشن آفیسر اسلام آباداور سیکرٹری بورڈ اینڈ یونیورسٹی سندھ سے اپیل کرتی ہے کہ اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام سیمینار لائبریرینز کو فی الفور ریگولر کرنے کے احکامات صادر فرمائے اور ذمہ داروں کا تعین کرکے اس نااہلی پر قرار واقعی سزا دی جائے۔ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن جامعہ کراچی مطالبہ کرتی ہے کہ یونیورسٹی کوڈ اوریونیورسٹی ترمیمی ایکٹ 2018کے تحت مستقل رجسٹرار کی تعیناتی اشتہار کے ذریعے جلد از جلد عمل میں لائی جائی۔

تازہ ترین