• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر کی یو رپی اور عالمی ایوانو ں میں بازگشت بڑی کا میابی ہے،واجد خا ن ایم ای پی جم میکمان افضل خان ایم پیز

اولڈہم ( تنویر کھٹانہ) 13جولائی 1931کے شہداء کی قربانیاں رنگ لارہی ہیں۔ کشمیریوں نے اپنے مقدس خون سے 87سال قبل جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا وہ کشمیریوں کی بے پناہ قربانیوں نے نتیجہ میں کامیابی کی منزل کے قریب ہے۔ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حق دلانے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ یورپی پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کی کمیٹی میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مکمل ہیئرنگ ستمبر 2018کے بعد کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے ہفتہ شہدائے کشمیر کے سلسلہ میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں برطانوی و یورپی ممبران پارلیمنٹ، میئرز، کونسلروں اور تحریک کے رہنماؤں نے شہدائے کشمیر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ تقریب اولڈھم کونسل کے چیمبر میں اولڈھم کے میئر کونسلر جاوید اقبال اور تحریک کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم کی مشترکہ صدارت میں ہوا۔ اس تقریب میں نارتھ ویسٹ کے یورپی ممبران پارلیمنٹ واجد خان، شیڈو وزیر امیگریشن افضل خان(ایم پی)، شیڈو کمیونٹی وزیر جم میکمان(ایم پی)، میئر آف راچڈیل کونسلر محمد زمان، ایکرنگٹن کے میئر کونسلر محمد ایوب، سٹاکپورٹ کے میئر کونسلر والٹر بریٹ، میئر آف سلفورڈ کونسلر رونی ولسن اور ٹرایفورڈ کے میئر کونسلر راب چلٹن کے علاوہ مختلف شہروں سے کونسلرز، سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، سماجی تنظیموں اور این جی اوز کے عہدے داران کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یورپی پارلیمنٹ میں نارتھ ویسٹ سے لیبر رکن پارلیمنٹ واجد خان ایم ای پی نے اعلان کیا کہ یورپی پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کی کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مکمل ہیئرنگ ستمبر 2018کے بعد کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ، برطانوی پارلیمنٹ میں قائم کشمیر گروپ کی انکوائری اور اب یورپی پارلیمنٹ کی طرف سے ہیئرنگ Hearing جیسے اقدامات بیرون ممالک میں مقیم ریاست جموں وکشمیر کے باشندوں کی عملی کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی اور وہاں کے عوام کی مسلسل قربانیوں کی یورپی ایوانوں اور عالمی اداروں میں بازگشت ریاست جموں و کشمیر کے سنگین مسئلہ کی جانب اہم ترین پیش رفت ہے۔ انہوں نے ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کی تحریک کے دوران شہید ہونے والے تمام عظیم افراد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور تحریکی رہنماؤں کو ہر سطح پر اپنی معاونت کی یقین دہانی کروائی۔ امیگریشن کے شیڈو وزیر اور تحریک آزادی کشمیر میں عالمی سطح پر متحرک برطانوی ممبر پارلیمنٹ افضل خان(ایم پی) نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری شہداء شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ کے تمام شہروں اور حلقوں میں ممبران پارلیمنٹ تک آواز پہنچائی جائے اور یہ کام صرف راجہ نجابت حسین اور ان کی پوری ٹیم کا نہیں بلکہ بیرون ممالک بسنے والے ہر کشمیری، ہر پاکستانی اور ہر انسان دوست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ دنوں وزیراعظم برطانیہ اور وزیر خارجہ برطانیہ سے بھی پارلیمنٹ میں کنٹرول لائن پر فائرنگ اور مقبوضہ کشمیر میں حالیہ شہادتوں پر بھرپور احتجاج کیا اور ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کی نمائندگی کا حق ادا کرتے رہیں گے۔ اولڈھم ویسٹ سے شیڈو کمیونٹی وزیر جم میکمان(ایم پی) نے کہا کہ انہوں نے اپنے انتخابات کے موقع پر تحریکی عہدیداروں اور مقامی کمیونٹی سے وعدہ کیا تھا کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے معاونت کریں گے اور وہ بھی آج شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وہ بھی اگلے ہفتے پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں گے۔ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے ممبران پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واجد خان کی یورپی پارلیمنٹ میں کامیاب مہم کو ریاستی عوام کے لئے تاریخی سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ ہم نے ریاستی جموں و کشمیر کے عوام کے نکتہ نظر اور بھارتی مظالم کو عالمی ایوانوں اور سیاستدانوں کے علاوہ ہر مکتبہ فکر تک پہنچانے کا عزم کر رکھا ہے اور اگست کے پورے مہینے میں برطانیہ اور ستمبر میں یورپ کے ایوانوں میں مسئلہ کشمیر پر تیزی لائے جائے گی۔ راجہ نجابت نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کے علاوہ برطانوی پارلیمنٹ میں بھی اکتوبر میں بحث کو یقینی بنایا جائے گا جس کے لئے کشمیر گروپ کے عہدیدار تحریکی رہنماؤں کی معاونت کر رہے ہیں۔ تحریک کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم نے حاضر کونسلروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے ٹاؤن ہالوں میں کشمیر کے حوالے سے تحریکی اور سوشل تقریبات منعقد کرکے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں ہماری معاونت کریں۔ تحریک کی برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریکی عہدیدار کشمیری عوام کے مشن کو لے کر خصوصاً خواتین، نوجوانوں اور پروفیشنلز کومتحرک کر رہے ہیں جس کی واضح مثال آج کی تقریب میں خواتین کی اکثریت کی موجودگی ہے۔ انہوں نے تمام ممبران پارلیمنٹ اور کونسلروں کا بھی تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر میزبان میئر اولڈھم کونسلر جاوید اقبال نے کہا کہ بے شک میری سرکاری پوزیشن غیر جانبدارانہ ہے مگر ایک کشمیری ہونے کی حیثیت سے میں بھی اپنے وطن کی آزادی کے لئے جدوجہد میں تحریکی عہدیداروں کی معاونت جاری رکھوں گا۔ نارتھ ویسٹ کے شہروں سے آئے ہوئے کونسلروں راجہ محمد عارف، راجہ آصف خان، کونسلر منصف داد، کونسلر شاہد مشتاق، کونسلر نور داد عزیز، کونسلر عبدالغفار خان، کونسلر نازیہ رحمان، کونسلر شعیب اختر، کونسلر پیٹر ڈیوس، کونسلر طاہر رفیق، کونسلر کبیر الرحمان، کونسلر نویدہ خان، کونسلر عروج شاہ، کونسلر ربنواز اکبر، کونسلر اور ایونز،کونسلر عاصم رشید چیئرمین نارتھ ویسٹ کشمیری و پاکستانی کونسلر فورم، سابق کونسلر محمد شریف، مسلم کانفرنس برطانیہ کے صدر چوہدری محمد بشیر رٹوی، مسلم لیگ آزاد کشمیر کے نائب صدر حاجی محمد یوسف بندوروی، برطانیہ کے سینئر نائب صدر راجہ محمد مقصود کاکڑوی، ظفر اقبال ایڈووکیٹ نوٹنگھم سے راجہ ساجد محمود، تحریکی رہنماؤں سردار عبدالرحمان خان، محمد بوٹا ہیری، امجد حسین مغل، روبینہ خان، شاہدہ خان، فرزانہ افضل، پامیلا اشرف، عذرا قاضی، یاسمین عالم جب کہ آشٹین سے تحریک کی رہنما نائلہ شریف نے اپنی تین خواتین ساتھیوں کے ہمراہ تقریب میں شامل ہوکر کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور تحریکی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے اور برطانوی اور یورپی ممبران پارلیمنٹ کے ہمراہ تقریبات منعقد کروانے کے عزم کا اظہار کیا۔
تازہ ترین