• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد، بل بورڈز ہٹانے اور ضبط کرنے کے احکامات جاری

حیدرآباد، بل بورڈز ہٹانے اور ضبط کرنے کے احکامات جاری

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) میونسپل کمشنر نے اینٹی انکروچمنٹ سیل کو سٹی اور لطیف آباد کے علاقوں سمیت گردونواح میں لگے چھوٹے، بڑے اورجہازی سائز کے تمام بل بورڈز کے ہٹانے کے احکامات دے دیئے، کارروائی کا آغاز اینٹی انکروچمنٹ سیل کی دوٹیمیں سول ہسپتال نور محمد ہائی اسکول کے اطراف اورآٹوبھان روڈ سےکیا جائیگا، علاوہ ازیں بل بورڈز ضبط کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نصر اللہ عباسی نے سپریم کورٹ اور جوڈیشنل واٹر کمیشن کے احکامات کی روشنی میں اینٹی انکروچمنٹ سیل کے انچارج توحید احمد کو سٹی اور لطیف آباد کے علاقوں میں فٹ پاتھوں، سڑکوں، گرین بیلٹس، مخدوش عمارتوں، نالوں اور نالیوں سمیت تمام پبلک مقامات سے بل بورڈزہٹانے اور انہیں ضبط کرنے کے احکامات دے دیئے ہیں، جس کے بعد اینٹی انکروچمنٹ سیل نے بھرپور کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بلدیہ ذرائع کا کہنا ہے کہ بل بورڈز کے خلاف کارروائی اینٹی انکروچمنٹ سیل کی دوٹیمیں کریں گی اور آغاز سول اسپتال، نور محمد ہائی اسکول اورلطیف آباد آٹو بھان روڈ سے کیا جائے گا۔ میونسپل کمشنر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ اور جوڈیشنل واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم کے فیصلوں پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا اور چند روز میں آپریشن مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود آپریشن کی نگرانی کرینگے اور سیاسی و مذہبی جماعتوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ بل بورڈز پر لگے اپنے قائدین کی تصاویر اورپینافلیکس اتار لیں۔

تازہ ترین