• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم کا انتخابی نشان اور پرچم مظلوم قوم کا فخر ہے، صلاح الدین

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ایم کیو ایم کا انتخابی نشان اور پرچم مظلوم قوم کا فخر ہے۔یہ بات متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ 227 صلاح الدین نے اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں حیدر آباد سٹی کے علاقے اسلام آباد چوک اور کچا قلعہ پر اپنی انتخابی مہم کے حوالے سے کارنر میٹنگ اور معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر امیدوار برائے صوبائی اسمبلی 66 راشد خلجی اور امیدوار برائے صوبائی اسمبلی 67 ناصر حسین قریشی بھی انکے ہمراہ تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدر آباد کے حق پرست عوام نے ہمیشہ حق پرست قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور یہ عوام اور قیادت کی محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس موقع پر راشد خلجی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد حق پرستوں کا شہر ہے اور اس شہر سے کوئی مفاد پرست کامیاب نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو اپنے ووٹ کی طاقت سے مفاد پرستوںکو شکست دینگے۔ ناصر حسین قریشی نے کہاکہ حق پرست عوامی نمائندے 25جولائی کو عوام کے تعاون سے بھاری اکثریت میں کامیابی حاصل کریں گے ۔صابر حسین قائم خانی نے انتخابی مہم کے حوالے سے لطیف آباد کے مختلف علاقوں یوسی 65,67 میں منعقد کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 25جولائی کا دن یوم انتخاب سے زیادہ یوم احتساب ثابت ہوگا ۔کارنر میٹنگز میں حق پرست امیدوار برائے صوبائی اسمبلی 64یونس گدی،حق پرست امیداور برائے صوبائی اسمبلی 65ندیم صدیقی اور ٹاون، یوسی کے ذمہ داران سمیت علاقے کے معززین و عوام نے شرکت کی، اس موقع پریونس گدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں رائج فرسودہ نظام سے نجات حاصل کرنے کےلئے ہمیں ملک بھر سے حق پرستوں کو کامیاب بنانا ہے ۔انہوں نے کہاکہ 25جولائی کا دن ظالم حکمرانوں کےلئے صرف اور صرف یوم احتساب کا دن ثابت ہوگا ۔ ندیم صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 25جولائی کے دن شہرکو مسائل و مشکلات میں مبتلا کرنے والوں کےلئے یوم احتساب ہوگا۔

تازہ ترین