• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بوہری بازار میں ملزمان نے11دکانوں کے تالے توڑ کر سامان لوٹ لیا

بوہری بازار میں ملزمان نے11دکانوں کے تالے توڑ کر سامان لوٹ لیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر بو ہر ی بازار میں واقع صدر سینٹر پر نامعلوم ملزمان نے متعدد دکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے نقد اور دیگر سامان لوٹ لیا ،پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے صرف 2دکان اور 2دفتر کے تالے توڑے ہیں آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی نے صدر میں مبینہ نقب زنی کی واردات کے حوالے سے رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کرلی،تفصیلات کے مطابق پریڈی کے علاقے صدر بوہر ی بازار میں واقع صدر سینٹر میں منگل و بدھ کی درمیانی شب تقریبا 3بجے 8نامعلوم ملزمان داخل ہو ئے اور مارکیٹ کے چوکیدار کو قابو کرتے ہو ئے رسیوں سے باند ھ دیا اور سکون سے دکانوں کے تالے توڑتے ہو ئے نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر بدھ کی علی الصبح موقع سے فرار ہو گئے ،بدھ کی صبح جب دکاندار مارکیٹ میں پہنچے تو دکانوں کے تالے ٹوٹے اور چوکیدار کو رسیوں سے بندھا دیکھ کر مشتعل ہو گئے اور مارکیٹ کے باہر کھڑے ہو کر احتجاج شروع کردیا ،واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کا جائزہ لیتے ہو ئے متاثرہ دکانوں سے شواہد حاصل کرنا شروع کر دیے ،پولیس نے بتایا کہ چوکیدار کو حراست میں لیا ہے اور اس نے بیان دیا ہے کہ 8نامعلوم ملزمان چھت کے راستے سے مارکیٹ میں آئے تھے اور اسلحے کے زور پر مجھے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد رسیوں سے باندھ دیا تھا ،ایس ایس پی سائوتھ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ 11دکانوں کے تالے توڑے گئے ہیں جن سے لاکھوں روپے نقد لوٹے گئے تاہم حتمی تفصیلات تفتیش میں سامنے آئیں گی ،پولیس نے بتایا کہ شواہد اور تفصیلات حاصل کرنے کے بعد انکشاف ہوا ہے کہ صرف 2دکانوں اور 2دفاتر کے تالے توڑ کر لوٹ مار کی گئی ہے جس میں تقریبا 4لاکھ روپے سے زائد رقم اور دیگر سامان شامل ہے ،پولیس نے مزید بتایا کہ واقعے کا مقدمہ نمبر 340/18اکرم کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہےوسری جانب آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی نے صدر میں مبینہ نقب زنی کی واردات کے حوالے سے رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے تفصیلی انکوائری رپورٹ فی الفور طلب کرلی ہے ۔انہوں نے ایس ایس ساؤتھ کو ہدایات جاری کیں کہ متذکرہ واردات کے حوالے سے جملہ تفتیش اور تحقیقات کے عمل کو مارکیٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور متاثرہ دکانداروں کے بیانات کو سامنے رکھ کر انتہائی مؤثر اور کامیاب بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایسی وارداتوں میں ملوث ملزمان انکے گروہوں اور سرپرستوں کو باقاعدہ انٹیلی جینس اور سراغ رسانی جیسے اقدامات کی بدولت نا صرف قانون کی گرفت میں لایا جائے بلکہ ٹھوس شواہد اور تفتیش کے ذریعے ملزمان کو متعلقہ عدالتوں سے مثالی سزاؤں کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے ۔

تازہ ترین