• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوانوں کی مجاہدین کی صفوں میں شمولیت اور عوامی مزاحمت بڑے چیلنج ہیں،بھارتی اعتراف

نوجوانوں کی مجاہدین کی صفوں میں شمولیت اور عوامی مزاحمت بڑے چیلنج ہیں،بھارتی اعتراف

کولگام(ایجنسیاں) کشمیری نوجوانوں میں ہتھیار اٹھانے کے بڑھتے رجحان کا تدارک کرنے کے علاوہ تصادموں کے دوران شہری ہلاکتوں کو روکنے کے سلسلے میں جنوبی کشمیر میں پولیس اور فوج کے اعلی حکام کے درمیان ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں 15کور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ ،ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر شیش پال وید ،انسپکٹر جنرل آف پولیس ایس پی پانی کے علاوہ پولیس وفوج کے اعلی افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں کشمیری نوجوانوں میں جنگجوئیت کی طرف بڑھتے ہوئے رجحان پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اسے سیکورٹی کیلئے تشویشنا ک قرار دیا گیا ۔ میٹنگ میں ۜکشمیری نوجوانوں کو ملی ٹنسی سے روکنے کی حکمت عملی کا احاطہ بھی کیا گیا ۔ پولیس اور فوج کے اعلی حکام نے وادی کشمیر میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران پتھرائو کے واقعات اور اس دوران ہونے والی شہری ہلاکتوں کے معاملے کو بھی خصوصی طورزیر بحث لایا ۔ اجلاس میں شریک پولیس وفوج کے اعلی حکام نے کشمیری نوجوانوں میں ملی ٹنسی کا بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے روکنے کیلئے نئی حکمت عملی وضع کرنے کیلئے کئی اقدامات اٹھانے پر اتفاق کرلیا ۔ پولیس اور فوج کے اعلی حکام نے نوجوانوں تک پہنچنے کیلئے ایک نئی حکمت عملی مرتب کی اور نو جوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے خاص توجہ مرکوز کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ بھی ترتیب دیا جارہا ہے ،جس سے گور نر انتظامیہ کے علاوہ حکومت ہند ،وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کو بھی آگاہ کیا جائیگا ،تاکہ کشمیری نوجوانوں میں بڑھتے ملی ٹنسی کے رجحان کو کم کیا جاسکے یا اس پر روک لگائی جاسکے ۔ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں جنگجو مخالف آپریشنز انجام دینے والے پولیس اور فوج کے اعلی افسران نے اعلی حکام کو بتایا کہ ان کے سامنے دو بڑے چیلنجز اس وقت ہیں ،ایک مقامی نوجوانوں میں ملی ٹنسی کا بڑھتا رجحان اور دوسرا جنگجو مخالف آپریشن کے دوران عوامی مزاحمت ،کیونکہ اس دوران فورسز کی کارروائیوں میں عام شہری ہلاکتیں رونما ہوتی ہیں ،جسکی وجہ سے حالات کنٹرول سے باہر بھی ہوجاتے ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ اس غیر معمولی میٹنگ میں جاں بحق جنگجو نوجوانوں کے جنازوں میں لوگوں کی بھاری شرکت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے 15کور کے کمانڈر لفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ نے کہا میٹنگ کا بنیادی مقصد کشمیری نوجوانوں کو ملی ٹنسی سے روکنے کیلئے حکمت عملی وضع کرنے اور اس تشویشناک مسئلے پر تبادلہ خیال کرنا تھا ۔

تازہ ترین