• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کا اوپن ٹرائل،کابینہ کا فیصلہ،دوریفرنسز کی سماعت جیل میں کرانے کا نوٹیفکیشن واپس ،جیل سماعت کا فیصلہ سیکورٹی کی وجہ سے تھا،وزیر اطلاعات

نواز شریف کا اوپن ٹرائل،کابینہ کا فیصلہ،دوریفرنسز کی سماعت جیل میں کرانے کا نوٹیفکیشن واپس ،جیل سماعت کا فیصلہ سیکورٹی کی وجہ سے تھا،وزیر اطلاعات

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی کابینہ نے وزارت قانون کی ایک سمری منظور کرلی ہے جسکے تحت 13جولائی کو جاری کیا جانے والا وہ حکم (نوٹیفکیشن) واپس لے لیا گیا ہے جسکے تحت سابق وزیراعظم نوازشریف، انکی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف مقدمہ جیل میں چلایا جانا تھا۔ اب العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس اوپن کورٹ میں چلے گا۔ جیل میں ٹرائل کا حکم نیب آرٖڈیننس 1999 کی سیکشن 16کی سب سیکشن بی کے تحت جاری کیا گیا تھا۔ کابینہ نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اورانسداد منی لانڈرنگ کیلئے ایکشن پلان پرعملدرآمدکے تجویزکردہ اقدامات،فاٹا اور پاٹا کے صوبے میں ضم علاقوں کیلئے وفاقی ٹیکسزکے3ماہ استثنیٰ کے نوٹیفکیشن کی منظوری دی۔ یہ منظوری نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔ سیکرٹری وزارت داخلہ نے کابینہ کو ملک میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ انہوں نے الیکشن 2018 کے دوران امن و امان اور سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومتوں کی مدد کیلئے کی گئی کوششوں اور اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ ان اقدامات میں سول آرمڈ فورسز کے 42 ہزار اہلکاروں کی تعیناتی، نیکٹا کے ذریعے صوبائی حکومتوں کو انفارمیشن کی فراہمی، ایوی ایشن سپورٹ، ایف آئی اے اور نادرا کی معاونت شامل ہے۔ کابینہ نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ الیکشن کے ضابطہ اخلاق اور سیکورٹی پروٹوکول پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔کارنر میٹنگز اور سیاسی جلسوں کی سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے سیکورٹی انتظامات پر سیاسی رہنمائوں کو اعتماد میں لیا جائے۔کابینہ نے دہشت گردی کی فنانسنگ روکنے اور انسداد منی لانڈرنگ کیلئے پاکستان کی کمٹ منٹ پوری کرنے کیلئے بنائے گئے ایکشن پلان پر عملدرآمد میں سہولت کی فراہمی کیلئے وزارت خزانہ کی جانب سے تجویز کئے گئے اقدامات کی منظوری دی۔ کابینہ نے دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے فنڈ میں وفاقی حکومت کے گریڈ ایک سے 16؍تک کے ملازمین کی جانب سے ایک دن کی تنخواہ اور گریڈ 17 ؍سے 22؍کے افسروں کی دو دن کی تنخواہ جمع کرانے کی تجویز بھی منظور کرلی۔کابینہ کے ارکان اس فنڈ میں ایک ماہ کی تنخواہ دینگے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سلیم کو تین سال کیلئے بنکنگ کورٹ ٹو لاہور کا جج تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے سی ایس ایس امتحان کے رولز 2016اور2017 کی توثیق کیلئے سی ڈی اے آرڈیننس کی منظوری دی۔اجلاس نے گریڈ 21 کے افسر اسد رفیع چاندنہ کو چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی کا اضافی چارج دینے کی منظوری دی۔ کابینہ نے فاٹا اور پاٹا کے خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے علاقوں کیلئے وفاقی ٹیکسز کے ابتدائی طور پر تین ماہ کیلئے استثنیٰ کانوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے الیکشنز ایکٹ 2017کے سیکشن 6(3)میں ترا میم کی بھی منظوری دی۔

تازہ ترین