• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریفرنسز منتقلی کے فیصلے تک کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے، وکیل نواز شریف

ریفرنسز منتقلی کے فیصلے تک کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے، وکیل نواز شریف

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) احتساب کورٹ اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کیخلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت 30 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔جبکہ دوران سماعت نوازشریف کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جب تک ریفرنسز کی منتقلی سے متعلق درخواست پر فیصلہ نہیں ہوتا کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے۔ فاضل عدالت میں سماعت شروع ہوئی تو وکیل صفائی خواجہ حارث نے احتساب عدالت کو آگاہ کیا کہ دو دن سے کوشش کے باوجود انہیں نواز شریف تک رسائی نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ بقیہ دو ریفرنسز کے جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن کا مقصد یہ ہے کہ الیکشن سے پہلے کوئی نواز شریف کو دیکھ یا سن نہ سکے۔ خواجہ حارث نے اعتراض اٹھایا کہ فاضل جج ان ریفرنسز کی سماعت نہ کریں۔ وکیل صفائی نے جج کو مخا طب کر کے کہا آپ اپنے ضمیر کے مطابق بھی دیکھیں، کیا آپ کو اب یہ دونوں ریفرنس سننے چاہئیں؟ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جواب دیا کہ ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا ہے،’’ ریفرنسز کی منتقلی میرا اختیار نہیں‘‘۔ انہوں نے وکیل صفائی کو متوجہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے بھی تو ریفرنسز منتقل کرنے کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی، اسکا کیا بنا؟ جس کے جواب میں خواجہ حارث نے بتایا کہ ہم جہاں بھی گئے وہاں پراسیکیوٹر موجود ہوتے تھے مگر گزشتہ روز کی عدالتی کارروائی میں نیب کا کوئی پراسیکیوٹر ہائی کورٹ میں موجود نہ تھا۔ انصاف صرف ہونا نہیں بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔

تازہ ترین