اسلام آباد( طاہر خلیل،اے پی پی ) سیاستدانوں اور امیدواروں کی سکیورٹی مضبوط بنانے کیلئے الیکشن کمیشن نے نئے لائحہ عمل کی منظوری دے دی، بدھ کو الیکشن کمیشن، وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت قانون و انصاف سمیت سکیورٹی سے وابستہ حکام کا ایک مشترکہ اجلاس ویڈیو لنک پر ہوا، وزیر داخلہ اعظم خان، وزیراطلاعات و قانون بیرسٹر علی ظفر، سیکرٹری داخلہ ،سیکرٹری اطلاعات اورالیکشن کمیشن کی جانب سے سینئر افسر الطاف خان اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضابطہ اخلاق کے تحت امیدواروں کو انتخابی ریلی کےلئے انتظامیہ کو پیشگی آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ سکیورٹی کے تقاضے پورے کئے جاسکیں۔ اب طے کیاگیا ہے کہ انتخابی ریلی کی پیشگی اطلاع ہو یا نہ ہو انتظامیہ سکیورٹی انتظامات پورے کرنے کی پابند ہوگی، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ٹاپ سیاستدانوں اور امیدواروں کی سکیورٹی کےلئے مربوط پالیسی پرعمل کیا جائے گا، سیکرٹری داخلہ یوسف نعیم کھوکھر نے شرکاء کو بتایا کہ حکومت آزادانہ، منصفانہ، پرامن اور بروقت انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کر رہی ہے،سیکرٹری اطلاعات سردار احمد نواز سکھیرا نے شرکاء پر زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو عوام میں انتخابی عمل کے حوالہ سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے،سیّد علی ظفر نے وزارت اطلاعات و نشریات کو ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کے انتظامات اور سرگرمیوں کے حوالہ سے صوبائی حکومتوں کو معلومات کی فراہمی کیلئے ان کی معاونت کی جائے،سرکاری میڈیا بھی ہر طرح کی معاونت فراہم کرے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر صوبائی حکومت کی جانب سے ایک ترجمان کا تقرر کیا جائے گا جو پرنسپل انفارمیشن آفیسر کے ساتھ رابطہ میں رہے گا اور جب ضرورت ہو تو میڈیا کیلئے بریفنگز کا انتظام کرے گا، یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پی آئی ڈی کے ہیڈ کوارٹرز، علاقائی دفاتر اور صوبائی انفارمیشن ڈیپارٹمنٹس انتخابات کی مؤثر کوریج کے حوالہ سے باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنا کر مل کر کام کریں گے۔