• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کے جیل میں ہونے سے ن لیگ کو سیاسی نقصان ہوگا،شفقت محمود

کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمودنے کہا ہے کہ تحریک انصاف انتخابات میں حکومت بنانے کیلئے سادہ اکثریت حاصل کرلے گی، نواز شریف کے جیل میں ہونے سے ن لیگ کو سیاسی نقصان ہوگا، نئے اسلامی جمہوری اتحاد کی باتیں مضحکہ خیز لگتی ہیں، ہمیں تو پی ٹی آئی کیخلاف آئی جے آئی بنتا نظر آرہا ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما طارق فضل چوہدری اور پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیوبھی شریک تھے۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کے جیل جانے سے ن لیگ کو بے پناہ فائدہ ہوا ہے، میں نواز شریف کے استقبال کیلئے لاہور ایئرپورٹ تک پہنچا تھا، ن لیگ کو انتخابات میں سادہ اکثریت آرام سے مل جائے گی، مریم نواز غیرسیاسی اور بے قصور تھیں انہیں سزا نواز شریف کو توڑنے کیلئے دی گئی ہے۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان کو حکومت چاہئے تو سیاسی جماعتوں سے بات کرنی پڑے گی، سندھ میں پیپلز پارٹی فاتح جماعت ہوگی، بلوچستان میں بھی پیپلز پارٹی کا کردار ہوگا، خیبرپختونخوا میں بہتر نتیجہ دیں گے، آصفہ بھٹو بھی سیاستدان ہے، وہ سیاستدان کی بیٹی اور سیاسی قائد کی بہن ہے اور ان کا سیاسی کام کررہی ہے۔میزبان حامد میر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر کے مولانا فضل الرحمٰن خلیل سے ووٹ مانگنے پر تنقید کی جارہی ہے، ہمیں دیکھنا چاہئے کہ افغانستان میں گلبدین حکمت یار کچھ عرصہ پہلے پہاڑوں سے اتر کر حکومت میں آئے، اب ان کے افغان حکومت سے تعلق ٹھیک ہیں اور امریکا نے بھی انہیں دہشتگردوں کی فہرست سے نکال دیاہے، اسی طرح امریکا افغان طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات پر بھی تیار ہوگیا ہے، مولانا فضل الرحمٰن خلیل سے کوئی امیدوارووٹ مانگتا ہے توہمیں اس پر اعتراض نہیں کرناچاہئے لیکن اگر اعتراض کرنا ضروری ہے تو یہ دیکھ لیں کہ گلبدین حکمت یار بڑا دہشتگرد تھا یا مولانا فضل الرحمٰن خلیل زیادہ بڑا دہشتگرد ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ نواز شریف کے جیل میں ہونے سے ن لیگ کو سیاسی نقصان ہوگا، لوگوں کو پتا ہے کہ نواز شریف چوری اور ڈاکے کے مقدمہ میں قید کاٹ رہا ہے، نئے اسلامی جمہوری اتحاد کی باتیں مضحکہ خیز لگتی ہیں، آئی جے آئی کے برخلاف تحریک انصاف اکیلے الیکشن لڑرہی ہے، ہمیں تو پی ٹی آئی کیخلاف آئی جے آئی بنتا نظر آرہا ہے، پنجاب میں تحریک انصاف مقبولیت کے سرویز میں ن لیگ کے برابر یا آگے ہے۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے پاس پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کوئی قوت نہیں ہے، پیپلز پارٹی چالیس بندے اکٹھے نہیں کرسکتی تحریک کیا چلائے گی، نواز شریف کے جیل جانے کے بعد ن لیگ کے حوصلے پست ہیں، ن لیگ ، پیپلز پارٹی، ایم ایم اے، اے این پی اکٹھے بھی ہوگئے تو زیرو جمع زیرو زیرو ہی ہوتا ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ تحریک انصاف انتخابات میں حکومت بنانے کیلئے سادہ اکثریت حاصل کرلے گی، اس وقت ہر جگہ مقابلہ پی ٹی آئی اور دوسری جماعتوں کا ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا مک مکا نظر آرہا ہے۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ نواز شریف چوری یا ڈاکے کے مقدمہ میں سزا نہیں کاٹ رہے، نواز شریف نے کرپشن کی ہوتی تو سب سے پہلے میں انہیں چھوڑتا، عدالت نے نواز شریف کو سزا دینے میں جس عجلت کا مظاہرہ کیا وہ سمجھ سے باہر ہے، نواز شریف نے واپس آکر خود فیصلہ سننے کی درخواست کی لیکن عدالت نے ایک ہفتہ انتظار نہیں کیا، نواز شریف کے جیل جانے سے ن لیگ کو بے پناہ فائدہ ہوا ہے، مریم نواز کبھی کونسلر بھی نہیں رہی اسے آٹھ سال کی سزا سنادی گئی اس پر لوگوں میں ہمدردی ہے، کروڑوں روپے کے اشتہارات کے فیصلے میڈیا سیل سے نہیں ہوتے تھے۔ طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ بڑی بہادری اور جرأت کے ساتھ الیکشن لڑرہی ہے، میں نواز شریف کے استقبال کیلئے لاہور ایئرپورٹ تک پہنچا تھا، تحریک انصاف چاہتی ہے انتخابات میں باقی سب کو باندھ کر انہیں کھلا چھوڑ دیا جائے، لوگ کارکردگی اور اندازِ سیاست پر ووٹ دیتے ہیں، واضح اکثریت سے اپنی سیٹ پر کامیابی حاصل کروں گا، ن لیگ کو انتخابات میں سادہ اکثریت آرام سے مل جائے گی۔

تازہ ترین