• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منظور وسان اور میر شاہنواز تالپور الیکشن سے آؤٹ

سکھر (بیورو رپورٹ،چوہدری محمد ارشاد) عام انتخابات ملتوی ہونے کے خواب دیکھنے والے خوابوں کی دنیا کے بادشاہ منظور وسان انتخابی میدان سے آؤٹ ہوگئے۔ الیکشن سے قبل بعض سیاستدانوں کو الیکشن سے آؤٹ کئے جانے کی منظور وسان کی پیشن گوئی تو سچ ثابت ہوئی تاہم انہیں خود اندازہ نہیں تھا کہ الیکشن سے آؤٹ ہونیوالے بعض سیاستدانوں میں وہ خود بھی شامل ہونگے۔ انتخابات سے آؤٹ ہونے والے پیپلزپارٹی کے رہنما اور پی ایس 27سے امیدوار منظور وسان اور جی ڈی اے کے پی ایس 27سے امیدوار میر شاہنواز تالپور نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کی جانب سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 27 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار منظور وسان اور پی ایس 20پر محمد بخش مہر، پی ایس 27پر جی ڈے اے کے امیدوار میر شاہنواز تالپور کے کاغذات نامزدگی بحال کرنے کی اپیلوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن کے لئے نااہل قرار دیدیا۔ الیکشن ٹربیونل نے اثاثے چھپانے پر محمد بخش مہر اور منظور وسان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے تھے جس کیخلاف ان امیدواروں نے سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں اپیل دائر کی تھی۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو اور جسٹس شمس الدین عباسی پر مشتمل ڈبل بینچ نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد اپیل ٹربیونل کے فیصلے کو برقرار رکھا جبکہ عدالت نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 204 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار خالد خان لوند اور پی ایس 24پر عبدالستار راجپر کے کاغذات نامزدگی بحال کئے جانے کیخلاف اعتراضات کی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے دونوں امیدواروں کے فارم بحال کردیے۔

تازہ ترین