• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن و امان بحال رکھنے کیلئے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں، سجاد حیدر

ٹنڈوالہ یار (نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہ یار سید محمد سجاد حیدر کی زیر صدارت عام انتخابات 2018 کے انتظامات، امن و امان برقرار رکھنے اور ضابطہ اخلاق پر عمل درآمدسے متعلق ایک اجلاس ان کے دفتر کے کانفرنس ہال میں ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی ٹنڈوالہ یار عمران ریاض، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد سجاد خٹک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عبدالحفیظ لغاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو علی محمد ببر، الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہ یار سید محمد سجاد حیدر نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے حوالے سے افسوسناک واقعات ہوئے ہیں جن کو مد نظر رکھتے ہوئے امن و امان بحال رکھنے اور سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ امیدواروں کو بھی چاہئے کے وہ احتیاطی اورحفاظتی اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو چاہئے کہ وہ اپنے کارکنان کو ہدایت دیں کہ وہ ہوشیار رہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی ٹنڈوالہ یار عمران ریاض نے کہا کہ پولیس اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے جبکہ اس سلسلے میں ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے جلسوں و جلوسوں میں کوئی بھی مشکوک شخص نظر آئے تو اس سے پوچھ گچھ کی جائے اور اس کا شناختی کارڈ دیکھا جائے۔ اجلاس میں انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد دہشتگرد ہوتا ہے اس کا کوئی بھی مذہب نہیں ہوتا اور اس کا مقصد صرف امن و امان کا ماحول خراب کرنا ہوتا ہے۔سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کرنا ہم سب کا فرض ہے اور کسی بھی مشکوک شخص یا حرکت کی صورت میں نشاندہی کی جائےگی۔

تازہ ترین