حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ یہ انتخابات مختلف اور منفرد نوعیت کے ہیں، انتخابات سے پہلے ہی دھاندلی ہورہی ہے، ایم کیو ایم کل20 جولائی کو پکا قلعہ گراونڈ میں جلسہ کرے گی۔ حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ حیدرآباد اور کراچی میں دیگر جماعتوں کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت دی جارہی ہے، ہمیں الیکشن مہم چلانے نہیں دی جارہی، دوسروں کو ہر سہولت دی جارہی ہے اور ایم کیو ایم کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے شہری آبادی کو آدھا گنا گیا، اب انتخابات سے پہلے ہی دھاندلی ہورہی ہے۔جو لوگ پی ایس پی میں گئے ان کے گھر والے 25 جولائی کو پتنگ پر مہر لگائیں گے۔