• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زمبابوے سے چوتھا ون ڈے،پاکستان ٹیم میں تبدیلیاں ہونگی

بولاوایو (جنگ نیوز) ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایک سال سے کم وقت رہ گیا ہے اس لئے پاکستانی ٹیم زمبابوے کی سیریز میں مختلف کمبی نیشن آزماکر اپنے کھلاڑیوں کو روٹیشن کی بنیاد پر موقع دینا چاہتی ہے۔ زمبابوے کو تینوں ون ڈے انٹر نیشنل میں بڑے مارجن سے آئوٹ کلاس کرنے والی پاکستانی ٹیم چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں مزید تبدیلیاں کرے گی۔ زمبابوے اور پاکستان کے درمیان چوتھا ون ڈے انٹر نیشنل جمعے کو کوئینز کلب بولا وایو میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم تینوں میچ بڑے مارجن سے جیت کر سیریز اپنے نام کر چکی ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر سوا بارہ بجے کھیلا جائے گا۔ بدھ کو فہیم اشرف کی 5 وکٹوں اور فخر زمان کے 43 رنز کی بدولت پاکستان نے میزبان زمبابوے کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی تھی۔ پاکستان کی خطرناک بولنگ لائن کے سامنے زمبابوے کی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی، جہاں فہیم اشرف نے 22 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر میزبان ٹیم کی اننگز 67 رنز پر تمام کردی، جو پاکستان کے خلاف اس کا کم ترین اسکور ہے۔ پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 201 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے 9 وکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستانی تجربہ کار بیٹسمین شعیب ملک ایک روزہ کرکٹ میں 7000 رنز مکمل کرنے سے صرف تین رن کی دوری پر ہیں۔ ان سے قبل صرف سات دیگر پاکستانی بیٹسمین یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ زمبابوے اپنے گذشتہ پانچ میچوں میں سے صرف ایک ہی میچ جیت سکا ہے جبکہ چار ایک روزہ میچوں میں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پاکستان نے اپنے گذشتہ پانچ ون ڈے میچوں میں سے تین ہارے اور دو میں کامیابی حاصل کی تھی۔
تازہ ترین