• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کے رائے حسن نواز تاحیات نااہل، وقاص اکرم اہل

پی ٹی آئی کے رائے حسن نواز تاحیات نااہل، وقاص اکرم اہل

اسلام آباد،لاڑکانہ( آئی این پی، مانیٹرنگ سیل)سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے رائے حسن نواز تا حیات نا اہل، وقاص اکرم اہل جبکہ سندھ ہائیکورٹ نے پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو کو نااہل قراردے دیا۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں بنچ نے این اے 115 جھنگ سے شیخ وقاص اکرم کی نااہلی کیلئے مخالف امیداور محمد عمران کی درخواست کی سماعت کی، عدالت نے مخالف امیدوار کی درخواست خارج کردی اور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔سپریم کورٹ نے این اے 149 سے پی ٹی آئی کے رہنما رائے حسن نواز کی نااہلی کیخلاف اپیل خارج کردی ۔پی ٹی آئی کے رہنما رائے حسن نواز کی نااہلی کیخلاف اپیل پر سماعت جسٹس عظمت سعید کی سرابرہی میں 2رکنی بینچ نے کی،جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ رائے حسن نواز کو سپریم کورٹ نے نااہل قراردیا تھا،ایسا تو نہیں ہوسکتا کوئی کہے میں نے اب توبہ کر لی ہے ،کیس میں تو پہلے ہی واضح تاحیات نااہلی کا فیصلہ دیا گیا ہے اور واضح طور پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہوتا ہے،جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ رائے حسن نوازکو تاحیات نااہل قرار دیا گیا ہے،ہم فیصلے لکھ لکھ کر تھک جاتے ہیں وکلا پڑھنے کی زحمت نہیں کرتے جس پر سپریم کورٹ نے این اے 149 سے پی ٹی آئی کے رہنما رائے حسن نواز کی نااہلی کیخلاف اپیل خارج کردی جس کے بعد رائے حسن نوازالیکشن کی دوڑ سے آؤٹ ہو گئے۔واضح رہے کہ رائے حسن نواز کو سپریم کورٹ کے 5 رکنی بنچ نے صادق اور امین نہ ہونے پرتاحیات نااہل قرار دے رکھا ہے۔سندھ ہائی کورٹ نے پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو کو نااہل قراردے دیا۔ سندھ ہائیکورٹ لاڑکانہ سرکٹ بینچ نے پیپلزپارٹی کے رہنما نثارکھوڑو کی نااہلی سے متعلق سماعت کی، بینچ نے ایپلیٹ ٹربیونل کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے نثارکھوڑو کو نااہل قرار دے دیا، نثار کھوڑو کو بیوی اور بیٹی کے نام ظاہر نہ کرنے اور 167 ایکڑ زرعی زمین چھپانے پر ایپلیٹ ٹربیونل نے نا اہل قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ پی ایس 11 کے امیدوار نثارکھوڑو نے ایپلٹ ٹربیونل کے فیصلے کوسندھ ہائی کورٹ لاڑکانہ سرکٹ بینچ میں چیلنج کیا تھا۔

تازہ ترین