• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

علی ظفر کی ”طیفا اِن ٹربل“ کا رنگارنگ پریمیئر فلم آج ریلیز ہوگی


کراچی (محمد ناصر) انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں پاکستان کی سب سے بڑی اور مہنگی فلم ”طیفا اِن ٹربل“ جمعہ کو پاکستان بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

پاکستان کے سپر اسٹار اداکار علی ظفر اور مایا علی کی پہلی فلم لائٹ اینگل، مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ اور ”جیوفلمز“ کے تعاون سے پاکستان بھر میں ریلیز کی گئی ہے جبکہ دُنیا بھر کے 25 ممالک میں مختلف زبانوں کے ساتھ پیش کی جارہی ہے۔

دوسری جانب کراچی جیسے بڑے شہر میں جہاں الیکشن کی گہما گہمی اور انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور انتخابی جلسے ریلیاں اور کارنر میٹنگز ہورہی ہیں وہیں کراچی میں سب سے بڑی تقافتی اور شوبز کی تقریب ہوئی جس میں جہاں بڑے بڑے ستارے جمع تھے تو وہاں میڈیا انڈسٹری، فیشن انڈسٹری ، شہر کی ادبی ، سماجی اور فلمی شخصیات کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور پاکستان فلم انڈسٹری کی ایک بڑی فلم ”طیفا ان ٹربل “ کے رنگا رنگ اور شاندار پریمیئر کو رونق بخشی ۔

پُر وقار تقریب میںفلم کی کاسٹ جن میں ڈائریکٹر احسن رحیم ، پروڈیوسر و ادکار علی ظفر ، اداکارہ مایا علی ، جاوید شیخ، محمود اسلم، صوفیا خان، فیصل قریشی، ماہ نور، اسما عباس، نیئر اعجاز، سیمی راحیل اور دیگر نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ ثاقب ملک، نادیہ حسین، خالدبٹ، وقاص احمد، اسد احمد، ٹیپو، وجاہت رؤف ، اسلم قریشی اور ہمایوں سعید بھی شریک ہوئے۔ اس خوبصورت محفل کو سجانے کا سہرا عالمی شہرت یافتی اداکار، گلوکار، فلمساز اور بے شمار گیتوں کے خالق علی ظفر کے سر جاتا ہے جنہوں نے بالی ووڈ کی کئی بڑی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد پاکستان کی فلم انڈسٹری کو ایک ایسا شاہکار دیا ہے جسے لوگ مدتوں یاد رکھیں گے۔

”طیفا ان ٹربل “ اُن کی صلاحیتوں اور تجربے کا نچوڑ ہے اور اس فلم کی کہانی، فلمسازی کے ہنر، اس فلم کے گانے، میوزک کمپوزنگ اور گیت نگاری اور گلوکاری سے لےکر اس فلم کی ملک اور بیرون ملک پبلسٹی، پروموشن کی کامیاب مہم تک کے سارے کام انجام دیئے ۔

دی مین ون آف آل علی ظفر کی ہماری ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ خوبصورت اور خوب سیرت مایا علی کے ساتھ جوڑی بھی کیا خوب لگی ہے۔

طیفا ان ٹربل کے پریمیئر میں رنگ و نور کا سیلاب تھا شہر کی اس بڑی تقریب میں شریک ہر شخص فلم کے گن گارہا تھا فلم کے گانوں، لوکیشن، اداکاری، ہدایتکاری، گلوگاری اور کہانی سمیت فلم کے ہر شعبہ میں مہارت کی تعریف کررہا تھا فلم۔ دیکھنے والوں کو کوئی ٹربل نہیں ہوئی البتہ فلم کا طیفا ضرور ٹربل میں تھا اور یہی طیفے کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ فلم کے گانے اور میوزک واقعی دل لبھانے والے ہیں آئٹم سونگ کے ساتھ ساتھ فلم کے دوسرے محبت بھرے گیت کانوں میں رس گھولتے محسوس ہوئے۔

سجنا اور چن وے کی پکچرائز یشن اور لوکیشن خوب رنگ جما رہی تھی۔ فلم دیکھ کر واپس لوٹنے والوں کے چہرے پر مسکراہٹ ثابت کررہی تھی کہ علی ظفر فلم بینوں کو ایک شاندار تحفہ دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

یہ فلم جمعہ سے پاکستان سمیت 25سے زائد ممالک میں ریلیز کی جارہی ہے ۔ پاکستان میں یہ فلم لائٹ اینگل، مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ اور ”جیوفلمز“ کے تعاون سے ریلیز کی گئی ہے جو باکس آفس پر مدتوں راج کرے گی اور خوب بزنس کرے گی۔

یہ ایک ایسی فلم ہے جس میں تمام مصالحہ موجود ہے اور یہ خواتین مردوں اور بچوںکو بھی اپنی طرف کھینچ لے گی اور یقینا اُن کا رخ سنیماکی طرف ہوگا۔ علی ظفر نے پاکستانی فلمی صنعت کو ایک معیاری اور تفریحی فلم۔دینے کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کردیا ہے ۔

وہ ایک کامیاب گلوکار، گیت نگار ، میوزیشن اور اداکار تو تھے ہی اب اُنہوں نے کامیاب فلمسازہونے کا تمغہ بھی سجا لیا ہے۔

تازہ ترین