• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر یقینی صورتحال‘ غیر ملکی سرمایہ کاری 11.8؍ ملین ڈالر کم ہوگئی

غیر یقینی صورتحال‘ غیر ملکی سرمایہ کاری 11.8؍ ملین ڈالر کم ہوگئی

سید منہاج الرب

کراچی:… گزشتہ کچھ عرصے سے جاری ملک میں غیر یقینی کی کیفیت کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری کم ہوگئی ہے جس سے ملکی معیشت کو بھی شدید دھچکا لگا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 30؍ جون 2018ء کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 11.8؍ ملین ڈالر کی کمی ہوئی ہے جبکہ گزشتہ چند برسوں سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافے کا رجحان تھا تاہم گزشتہ چند ماہ سے جاری ملک میں غیر یقینی کی صورتحال نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بری طرح دھچکا لگایا ہے جس کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے سے گریزاں ہیں بلکہ کسی بھی نئے منصوبے میں سرمایہ کاری کے لئے رضامند نہیں۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے غیر ملکی سرمایہ کار ان ممالک میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لیتے ہیں جہاں پر سیاسی استحکام ہو، امن و امان کی صورتحال اچھی ہو، سرمایہ کاروں کو زیادہ مراعات دی جاتی ہوں اور سب سے بڑھ کر ان کا سرمایہ محفوظ ہو لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال تو بہتر ہوئی لیکن سیاسی صورتحال میں غیر یقینی کی فضا کے باعث پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے زیادہ پسندیدہ ملک نہیں رہا۔ اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2017ء میں ملک میں 3؍ ارب 45؍ کروڑ 10؍ لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی جو مالی سال 2018ء کو کم ہو کر 3؍ ارب 43؍ کروڑ 92؍ لاکھ ڈالر رہ گئی اس طرح گزشتہ چند برسوں سے جاری غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کا رجحان یکسر تبدیل ہوگیا ہے اور اب سرمایہ کاری میں کمی کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 30؍ جون 2018ء کو ختم ہونے والی مالی سال کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان سے 67؍ کروڑ 16؍ لاکھ ڈالر کا سرمایہ نکالا جبکہ مالی سال 2017ء کے دوران 70؍ کروڑ 42؍ لاکھ ڈالر کا سرمایہ نکالا گیا تھا اس طرح سرمایہ ملک سے باہر لے جانے میں 3؍ کروڑ 26؍ لاکھ ڈالرکی کمی ہوئی ہے۔

تازہ ترین