• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ مستونگ کا ایک اور زخمی چل بسا، تعداد 150 ہوگئی

سانحہ مستونگ کا ایک اور زخمی چل بسا، تعداد 150 ہوگئی

مستونگ خودکش دھماکے میں زخمی ہونے والا ایک اور نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ،اس طر ح سانحے میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 150 ہوگئی۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں درجنوں افراد موقع پر ہی شہید ہوگئے تھے۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ کے مطابق پی بی 58 کے امیدوار سراج رئیسانی انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسہ گاہ پہنچے تھے کہ وہاں دھماکا ہوگیا ۔

اسپتال ذرائع کے مطابق نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت 15افراد اسپتال پہنچتے ہی زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئےتھے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق مستونگ میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا،دھماکے میں 16 سے 20کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا ۔

دوسری جانب آئی جی بلوچستان معظم جاہ انصاری کا کہنا ہے کہ ہم نے مستونگ میں خودکش حملہ کرنے والے کی شناخت کرلی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے خصوصی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کا نام حافظ نواز اور تعلق ایبٹ آباد سے تھا۔

آئی جی بلوچستان نے بتایا کہ خودکش حملہ آور ایبٹ آباد سے سندھ گیا جہاں وہ کالعدم تنظیموں سے جڑا، حافظ نواز کا تعلق داعش سے تھا اور وہ لشکرجھنگوی میں بھی رہا ہے۔

تازہ ترین