• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
بھارت کی واٹس ایپ کو  ایک اور وارننگ

جھوٹی خبروں کے ذریعے پر تشدد واقعات میں اضافے پربھارت نے واٹس ایپ کو دوسری وارننگ جاری کردی۔

بھارتی حکام نے واٹس ایپ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے بھارت میں جھوٹی خبروں کو پھیلنے سے روکنے کیلئے کوئی قدم نہ اٹھایا تو اس کے خلاف ملک میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب واٹس ایپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فارورڈ میسج کی حد پانچ تک محدود کرنے سے متعلق ایک ٹیسٹ کیا جارہا ہےجس کے بعداسے ہر بھارتی صارف پر لاگو کیا جائےگا اور کوئیک فارورڈ مسیج کا بٹن بھی ہٹادیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے اندر اندر بیس افراد کو قتل کیا جا چکا ہے اور اس کی بنیادی وجہ وہ افواہیں ہیں، جو اسمارٹ فونز کے ذریعے پھیلائی جا رہی ہیں۔ یہ افواہیں بچوں کو اغوا کرنے، چوروں اور جنسی زیادتی کرنے والے گروپوں سے متعلق ہیں۔

بھارت میں مشتعل ہجوم کی طرف عمومی طور پر ایسے اجنبیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جن کا تعلق کسی دوسرے علاقے سے ہوتا ہے۔ جب تک سکیورٹی حکام جائے وقوعہ پر پہنچتے ہیں، تب تک مشتعل ہجوم پکڑے جانے والے مشتبہ افراد کو بے دردی سے مار پیٹ چکے ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے شروع کی جانے والی آگاہی مہمیں بھی بے اثر ثابت ہو رہی ہیں۔

بھارت میں واٹس ایپ کے ذریعے پھیلائی جانے والی افواہوں اور ان کے نتیجے میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں متعدد افراد کی ہلاکتوں کو واٹس ایپ انتظامیہ نے بھی خوفزدہ کر دینے والے واقعات قرار دیا تھا۔

تازہ ترین