• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کو ہم سے فرصت نہیں،نگراں اور پی ٹی آئی ایک ہیں،الیکشن کمیشن خاموش تماشائی ہے،شہباز شریف

نیب کو ہم سے فرصت نہیں،نگراں اور پی ٹی آئی ایک ہیں،الیکشن کمیشن خاموش تماشائی ہے،شہباز شریف

لاہور،پشاور، سوات (نمائندہ جنگ،مانیٹر نگ سیل) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیب کو ہم سے ہی فرصت نہیں ہے پنجاب میں جھاڑو بھی خریدیں تو انکوائری شروع ہو جاتی ہے، نگران اور عمران کے بیانیہ میں کوئی فرق نہیں ہے،نگران حکومت تحریک انصاف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے، نگران حکومت تحریک انصاف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے،وزیر اعلیٰ اوروزیر داخلہ پی ٹی آئی کے کارکن بنے ہوئے ہیں،الیکشن شفاف ہوئے تو پنجاب، کے پی اوروفاق میں ہماری حکومت ہوگی، لاڈلا کچھ بھی کرے اسےکھلی چھوٹ ،ہمارے ورکرز پر دہشت گردی کی دفعات لگا دی،پشاورمیٹرو کا فراڈ پشاور ہائیکورٹ نے بے نقاب کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں پریس کانفرنس اورمینگورہ، سوات میں بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ قبل ازیں شہباز شریف پشاور آمد کے بعد ائیرپورٹ سے سیدھا بلور ہاؤس گئے جہاں انہوں نے ہارون بلور کی شہادت پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن مہم میں صرف تین دن رہ گئے ہیں لیکن نیب کی ساری کارروائیاں مسلم لیگ ن کو دیوار سے لگانے کے لیے ہو رہی ہیں۔ ہماری نیب میں پیشیاں ہو رہی ہیں جبکہ کچھ لوگ پیسٹریاں کھا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کو دیوار سے لگانا کہاں کا انصاف ہے؟ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے چار سال لاہور میٹرو کیخلاف جنگلہ بس کا پروپیگنڈہ کیا اور پانچویں سال پشاور میں خود میٹرو بس بنانا شروع کر دی۔ لاہور میٹروپراجیکٹ 27 کلومیٹر ہے اور وہ 30 ارب رو پے میں بنا لیکن پشاور میٹرو 26کلومیٹر ہے جسکا تخمینہ 68 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے اور اسکا ٹھیکہ بھی ایک بلیک لسٹ کمپنی کودے کر فراڈ کیا گیا ۔ کیا نیب کو یہ فراڈ نظر نہیں آتا؟میں پشاور ہائی کورٹ کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے جھوٹے خان کا پردہ فاش کیا۔کے پی کے غیور عوام اب جھوٹ برداشت نہیں کرینگے، میں پوچھتا ہوں اب نیب کہاں ہے؟ پنجاب میں ہم جھاڑو بھی خریدیں تو انکوائری شروع ہو جاتی ہے۔ اگر نیب کو مسلم لیگ (ن) سے فرصت ہوتی تو اس فراڈ کا نوٹس لیتا۔ اگر ایسا فراڈ پنجاب میں ہوتا تو یہ ہمیں کالے پانی بھیج دیتے۔ لاڈلے کی اتنی بڑی ڈکیتی پکڑی گئی اس کو کوئی بلاتا نہیں۔ لیکن اگر اللہ نے موقع دیا تو یہ منصوبہ ہم مکمل کرکے دکھائیں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سارے کرپٹ لاڈلے کی پارٹی میں پہنچ گئے ہیں لیکن عوام کی اکثریت مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے اور اگر کسی نے ہمارا مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش کی تو ملک کیلئے اچھا نہیں ہوگا۔ اگر خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے موقع دیا تو کے پی کو پنجاب کے برابر لائینگے۔ہم مرکز سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکومت بنائینگے، امیر مقام یہاں کے وزیر اعلیٰ ہونگے۔ اللہ نے موقع دیا تو پاکستان کو ترکی اور ملائیشیا کے برابر لائینگے۔ہم تعلیم اورصحت سمیت ہر میدان میں بھارت کو شکست دیں گی۔مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو تمام سازششیں دم توڑ جائیں گی۔ہم ووٹر کی عزت اور ووٹ کا احترام چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن کو فری اینڈ فئیر انتخابات کو یقینی بنانا چاہیے۔ترقی کے لیے شفاف الیکشن ناگزیر ہے۔ نیشنل ایجنڈا اور قومی ڈائیلاگ وقت کی ضرورت ہے۔ ووٹ کی عزت خدمت کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے جلسے اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں، شدید بارش کے باوجود اٹک جلسے میں عوام کا سمندر تھا، راجن پور جلسہ میں بھی عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر دیکھا، دوسری جانب عمران خان کے جلسے مسلسل فلاپ ہو رہے ہیں، ان کے جلسوں میں کرسیاں تو لگائی جاتی ہیں لیکن بندہ کوئی نہیں ہوتا۔ عمران خان کو الزام خان اور بہتان خان اس لیے کہتا ہوں کیونکہ وہ بہت جھوٹ بولتے ہیں۔ میں کراچی، کوئٹہ، پشاور کو لاہور بنانے کا کہتا ہوں کیا عمران خان اس قابل ہیں کہ وہ کہہ سکیں کہ میں لاہور کو پشاور بنا دوں گا، پشاور خوشبوؤں کا شہر تھا لیکن عمران خان نے پشاور کا حلیہ ہی بگاڑ دیا ہےشہباز شریف نے کہا کہ کے پی کے حکومت نے پشاور کی عوام کو میٹرو بس کے نام پر 70ارب روپے کے کھڈے دیئے۔انہوں نے کہا کہہ اگر ہمیں دنیا میں اپنا مقام بنانا ہے تو ووٹ کی پرچی کو عزت دینی ہوگی۔ نواز شریف اسی ووٹ کی عز ت کی خاطر وطن واپس آئے۔وہ جانتے تھے کہ انہیں جیل بھیجا جائے گا اسکے باوجود وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا اہلیہ کو چھوڑ کر اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ واپس آئے۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ بلور خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وطن عزیز اور جمہوریت کیلئے بلور خاندان کی قربانیاں قابل قدر ہیں اور یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں۔ مینگورہ، سوات میں ایک بہت بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کر تے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور میٹرو کا فراڈ پشاور ہائیکورٹ نے بے نقاب کر دیا ہے، عمران خان نے بلیک لسٹ کمپنی کو ٹھیکہ کیوں دیا، عمران خان کہتا تھا کہ اس ملک سے کرپشن ختم کر دوں گا، پشاور میٹرو کرپشن کا میگا منصوبہ بن کر سامنے آیا ہے،ایک لاکھ سے زائد درخت لگانے کا جھوٹا وعدہ کیا، بہتان خان 300ارب کے قرضے لے کر کھا گیا ہے اور خیبر پختونخواہ کیلئے کچھ نہیں بنایا اور صوبہ بھر کا بیرہ غرق کر دیا، اللہ نے موقع دیا تو کے پی کے کو پنجاب اور پشاور کو لاہور بنا دوں گا،2013 میں عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ کے پی کے ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کو بجلی دوں گا جبکہ5 برسوں میں منفی8 میگا واٹ بجلی بنائی ہے، دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کی قیادت میں 11 ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے ہیں اور سستی بجلی فراہم کی ہے۔ شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس محبت کاآپ نے اظہار کیا ہے وہ ہماری فتح کا اعلان ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ 25 جولائی کو نواز شریف کے شاہین شیر پر مہریں لگائیں گے، مجھے آپ نے یہاں امیدوار بنایا ہے اس پر آپ کا شکرگزار ہوں، اگر اللہ نے موقع دیا تو سوات اور مینگورہ کا پہلا حق ہو گا،سوات،مینگورہ کو تمام سہولیات دینا میری پہلی ترجیح ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں پختونوں سے دل سے محبت کرتا ہوں، پنجاب میں بیٹھ کر بغیر کسی مفاد کے سوات والوں کیلئے اسپتال بنوایا تھا، میں پہلے پختون ہوں بعد میں پنجابی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی اہلیہ کو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا چھوڑ کر اپنی بیٹی مریم کے ساتھ عوام کے لئے واپس آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے آج سے قبل کبھی یہ منظر نہیں دیکھا ہو گا کہ باپ کے سامنے بیٹی اور بیٹی کے سامنے باپ کو گرفتار کیا گیا ہو،ان کا کہنا تھا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے، جس شخص نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، ملک کو ایٹمی قوت بنایا، سی پیک کا تحفہ دیا، موٹر ویز کے جال بچھائے، زراعت، صنعتیں، اسپتال، اسکول اور کالجوں کی صورتحال کو بہتر بنا دیا اس نواز شریف کو سزا سنا دی گئی، 25جولائی کو انشاء اللہ شیر کی جیت ہو گی اور 26جولائی کا سورج مسلم لیگ (ن) کا ہو گا، ہم پاکستان کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنائیں گے۔قبل ازیں پشاور ائیرپورٹ پہنچنے پر گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام سمیت دیگر مقامی رہنماؤں نے انکا استقبال کیا۔ شہباز شریف ائیرپورٹ سے سیدھا بلور ہاؤس گئے جہاں انہوں نے ہارون بلور کی شہادت پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

تازہ ترین