• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کے جلسوں میں لوگ کم آنے کی کیا وجہ ہے

اسلام آباد (طارق بٹ) تحریک انصاف کے انتخابی جلسوں میں شرکاء کی گھٹتی تعداد کی ممکنہ اور قرین قیاس وجوہ کیا ہو سکتی ہیں۔ پنجاب میں تحریک انصاف کی چار انتخابی ریلیوں میں شرکاء کی تعداد مایوس کن رہی۔ جن سے پارٹی چیئرمین عمران خان نے بھی خطاب کیا۔ اب انتخابات کے انعقاد میں ہفتہ بھر رہ گیا ہے۔ یہ پارٹی کے کارکنوں میں تھکن کے آثار ہیں یا نامناسب موسم یا پھر نواز شریف اور مریم کے استقبال کے لئے جانے والوں کو عمران خان کا ’’گدھا‘‘ قرار دینا ان کے حق میں نہیں گیا یا پھر انہیں جیت کا اس قدر یقین ہے کہ وہ تن آساں ہو گئے۔ یا یہ پنجاب سے نواز شریف اور مریم کی گرفتاری اور قید کا عوامی ردعمل ہے۔ اس کے باوجود تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کو پر اعتماد ہے کہ وہ 25جولائی کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات جیت لیں گے۔ تاہم جہلم، جھنگ، شاہدرہ اور سیالکوٹ میں تحریک انصاف کے جلسوں میں حاضری مایوس کن رہی۔ جھنگ اور جہلم میں عمران خان کا کہا ظاہر کرتا ہے کہ شرکاء کی تعداد ’’مطلوبہ‘‘ نہیں تھی۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری جہلم سے انتخاب لڑ رہے ہیں، وہاں انتخابی جلسوں میں لوگوں کی شرکت نہایت مایوس کن رہی۔ تاہم فواد چوہدری نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں مستقبل کے وزیراعظم عمران خان کا شاندار خیر مقدم کرنے پر جہلم کے عوام سے اظہار تشکر کیا۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما شفقت محمود نے رابطہ کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا چونکہ وہ اپنے حلقہ ٔ انتخاب این اے 130لاہور میں بے حد مصروف ہیں لہٰذا وہ مذکورہ ان ریلیوں کا مشاہدہ نہیں کر سکے۔ جن سے عمران خان نے خطاب کیا۔ جہاں تک ان کے جلسوں میں شرکاء کی تعداد کا تعلق ہے۔ وہ بھر پور رہی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں اپنے حریفوں پر سبقت ہے۔ کچھ ٹی وی چینلز جو تحریک انصاف کو اچھی کوریج دیتے ہیں انہوں نے بھی مذکورہ چار جلسوں میں خالی کرسیاں دکھائیں۔ سوشل میڈیا پر بھی ان کا خوب ذکر رہا۔ انتخابات کے روز ووٹرز کی حاضری کے حوالے سے مختلف اندازے اور تخمینے ہیں۔ کچھ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی خدشات کے باعث ٹرن آئوٹ کم ہو گا۔ لیکن عام احساس یہی ہے کہ ٹرن آئوٹ بھرپور ہو گا۔ عمران خان کو بھی انتخابات میں ممکنہ کم ٹرن آئوٹ پر تشویش ہے۔ انہیں سازشوں کا بھی خدشہ لاحق ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ انتخابات کے حوالے سے اچھی خبریں نہیں مل رہیں۔ نتھیا گلی کے جلسے میں انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ باہر نکلیں اور اپنا ووٹ ڈالیں۔ عمران خان سیاسی انتخابی جلسے کرنے میں شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری سے آگے ہیں۔

تازہ ترین