• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی لوک سبھا،وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد،راہول گاندھی کاسیاسی ڈرامہ، مودی سے بغلگیر، اپوزیشن ہکابکا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) بھارتی لوک سبھا کے ایوان میں جہاں وزیراعظم نریندرمودی کو عدم اعتماد کی تحریک کاسامنا ہے اپوزیشن نے تحریک کے دوران نریندر مودی کے خلاف زبردست تقریریں کیں اور بی جے پی کی حکومت کی ناکامیوں کے خلاف احتجاج بھی کیا مگر اس دوران ایک بڑاسیاسی ڈرامہ اس وقت پیش آیاجب کانگریس کے صدر راہول گاندھی ایوان میں اپنی تقریر کے دوران آگے بڑھ کر وزیراعظم نریندر مودی سے بغلگیر ہوگئے۔ راہول گاندھی نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’ آپ لوگ مجھے پپو کہتے ہیں‘‘میرے نام پرگالی گلوج بکتے ہیں، مجھ سے نفرت کرتے ہیں مگر میں آپ لوگوں سے نفرت نہیں کرتا‘‘اس کے فوری بعد راہول گاندھی نے اپنی تقریر روک دی اور وزیراعظم نریندر مودی کی جانب بڑھنے لگے،پہلے انہوں نےنریندرمودی سے آگے بڑھ کر ہاتھ ملایاپھراچانک ہی اُن سے بغلگیر ہوگئے۔ راہول گاندھی کی اس حرکت سےپورا ایوان سکتے میں آگیا،کچھ دیر کے لئے ایوان میں بالکل خاموشی رہی ۔بی جے پی ممبراور این ڈی اے میں شامل دیگر سیاسی پارٹیو ں کے لیڈرز راہول گاندھی کی اس غیرمتوقع حرکت سے حیرت زدہ ہوگئے۔تاہم اس کے بعد راہول گاندھی نے تحریک عدم اعتماد کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نریندر مودی میرے آنکھ میں آنکھ ڈال کر پندرہ منٹ تک بات نہیں کرسکتے، راہول گاندھی کے اس جملے کے فوری بعد ایوان میں شوروغل ہونے لگا۔راہول گاندھی نے دوران تقریر نوٹ بندی، روزگار اور رائفائیل جیسے موضوعات کو چھیڑ کر بی جے پی کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا۔
تازہ ترین