• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

11 ہزار 93امیدوار انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیدواروں کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ اب تک 11ہزار 93امیدوار انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، مانیٹرنگ ٹیموں نے خلاف ورزیوں پر 2330 امیدواروں کو شوکاز نوٹس جاری کئے۔404 کو وارننگ جاری اور 43 امیدواروں پر جرمانہ عائد کیا گیا۔2 لاکھ 18 ہزار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بڑے سائز کے بینرز اور ہولڈنگ کو ہٹایا گیا۔پنجاب میں 1 لاکھ۔ سندھ 70 ہزار۔ کے پی 45 ہزار اور بلوچستان میں 3 ہزار بینرز اور ہولڈنگز ہٹائے گئے۔پنجاب میں 5 ہزار725 ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں ہوئیں۔1340 کو شوکاز۔ 248 کو وارنگ اور 38 کو جرمانہ عائد کیا گیا،سندھ میں 3144 خلاف ورزیاں ہوئیں۔672 شوکاز نوٹس جاری، 103 کو وارننگ اور 1 امیدوار کو جرمانہ عائد کیا گیا، کے پی میں 2087 خلاف ورزیاں ہوئیں۔ 315 کو شوکاز۔ 51 کو وارننگ اور 4 پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ بلوچستان 147 خلاف ورزیاں ہوئیں، 3 کو شو کاز اور 2 کو وارننگ جاری ہوئی۔قبل ازیں چیف سیکریٹری سندھ اعظم سلیمان کی زیر صدارت انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے متعلق اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں انتخابات کی خلاف ورزی کرنے والی سرکاری ملازمین کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سیکریٹری عمل درآمد و رابطہ (آئی اےنڈ سی) نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نوٹس جاری کر کے معطل کیا گیا ہے جن میں اسکول ایجوکیشن کے 48، صحت کے 18، لوکل گورنمنٹ کے 9 ملازمین اور 22 منتخب نمائندگان کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے۔ انتخابات کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں میں بورڈ آف ریونیو کے 14، زراعت کے 8، خوراک کے 5، محکمہ اطلاعات کے 3، اوقاف کے 6 جبکہ محکمہ داخلہ کے ڈی ایس پی سمیت 5 اہلکارشامل ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ انتخابات کی خلاف ورزی کرنے پر ریجنل ڈائریکٹر کالجز سکھر کو ایس اینڈ جی ڈی میں رپورٹ جب کے 4 ضلعی زکوات چیئرمیں کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ انتخابات تک تمام زکوات چیئرمین کے اختیارات کو معطل کیا جائے اور تمام معطل ملازمین کو کراچی میں رپورٹ کروا کر الیکشن کے دن بھی انکی دفاتر میں حاضری یقینی بنائیں۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اقبال حسین درانی، سیکریٹری صحت محمد عثمان چاچڑ، سیکریٹری اطلاعات قاضی شاہد پرویز، سیکریٹری داخلہ ہارون احمد خان، سیکریٹری اسکولز، سیکرٹری کالیجز، سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

تازہ ترین