• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فواروں کے دلکش ڈیزائن

جب ہم جھرنے کے پاس بیٹھتےہیں تو اس کی آواز سکون پہنچاتی ہے، بہتے پانی کو دیکھنا آنکھوں کو بھلا معلوم ہوتاہے، ایسالگتاہےکہ پریشان کن سوچیں بھی ساتھ بہتی ہوئی دور نکل گئی ہیں۔ آبشارمیں جب روشنی رنگ بکھیرتی ہے تو یہ خوبصورت منظر آپ کے اندر اور بھی اطمینان بھر دیتا ہے۔ گھر کی تعمیرکے دوران جس طرح ہم اس کے اندرونی حصہ پربہت زیادہ دھیان دیتے ہیں، بالکل ویسے ہی بیرونی حصے میں باغ کے ڈیزائن پر بھی خصوصی توجہ دے کرایک فوارہ یا آبشار بنوادیں، اس سے گھر کی خوبصورتی کو چار چاند لگ جائیں۔ 

گھر میں داخل ہوتے وقت پہلی نظر باغ پر ہی پڑتی ہےاور اس میں بنایا گیا فوارہ ایک منفرد منظر پیش کرتا ہے۔ باغ کا ڈیزائن ایسا ہونا چاہیے جو ماحولیاتی عناصر جیسا کہ پودوں اور درختوں کی مدد سے قدرتی خوبصورتی کو نکھار دے۔ آج کل دیواروں میں لگے فوارے خاصے مقبول ہو رہے ہیں، جو گھر کے اندر یا باہر کہیں بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں، خصوصاً یہ کسی بھی کمرے میں قدرتی خوبصورتی کا باعث بنتے ہیں۔ دیواروں کے درمیان گرتا پانی رومانوی، جادوئی اور پراسرار محسوس ہوتا ہے، اسی لیے دیواروں کو پانی سے سجانے کی بہت سی ایسی تجاویز ہیں جن پر عمل کیا جاسکتاہے۔

دیوار سے گرتا پانی

دیوار سے گرتا پانی آنکھوں کو بھلا لگتا ہے اور یہ آجکل بے حد مقبول بھی ہے۔ اس کے لیے آپ پانی والی دیوار تھوڑی پتلی مگر بڑے حجم کی بنوائیں، جو پانی کی اچھی خاصی مقدار نیچے گرائے گی۔ یہ باغ کا ایک نمایاں عنصر ہو گاجو آپ کو قدرت کا احساس دلائے گا۔ اگر دیوار کےاوپر نیلے یا سبز رنگ کی روشنی بھی لگادی جائے تو یہ مزید دلکش معلوم ہوگی۔ اس کیلئے سجاوٹی ڈیزائن یا سانچے استعمال کریں یا اپنے شہر میں سیمنٹ کے ڈیزائن فروخت کرنے والی دکانوں کا رخ کریں۔ دیواروں پر بنے ڈیزائن اور ان پر لگی روشنیاں، پانی اور پودوں کےامتزاج کو خوبصورت منظر میں ڈھال دیں گی۔

باغ میں جھیل

اگر آپ کے پاس کافی جگہ موجود ہے تو باغ میں جھیل بھی بنا سکتے ہیں۔ ساتھ ہی درج بالا دیوار سے گرتی پانی والی آبشار بھی اس کے ساتھ ملاسکتے ہیں، جس کا پانی گرتا ہوا جھیل میں چلا جائے گا۔ جھیل کے ارد گرد اُگ جانے والے پودے نہ کاٹیں۔ مصنوعی آبشار اور جھیل کی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور پانی کے باہر والی دیوار پر بھی توجہ دیں۔

لکڑی پر پانی کابہاؤ

دیوار پر پانی اور لکڑی کا استعمال سب مہمانوں کی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے۔ آپ لکڑی پر پانی کے بہاؤ سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں جو بغیر کسی خرابی کے آسانی سے نیچے بنے مصنوعی جوہڑ میں گرتا ہے۔ دیوار کو نئے انداز میں سجانے اور توجہ حاصل کا یہ شاندار طریقہ ہے۔یہ منفرد ڈیزائن اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ دیواروں میں لگائے جانے والے فوارے کتنے دلچسپ ہو سکتے ہیں۔کالی لکڑی کے تختے، سفید سنگ مر مر کے ساتھ پرکشش نظر آتے ہیں اور پانی کو نفاست سے نیچے گراتے ہیں۔

تالاب

پانی کے تالاب میں آپ جدید سجاوٹی پتھروں سے بنی دیوار کے ذریعے پانی بہا سکتے ہیں۔ یہ پانی آبشار کی صورت میں آپ کی نظروں کے سامنے گرے گا۔پانی کو گرانے کیلئے آپ بجلی کی موٹر یا کوئی اور ذریعہ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ تالاب وہ تمام قدرتی عناصر مہیا کرتا ہے، جو آپ اپنے گھر میں چاہتے ہیں۔

پتھروں کے سنگ

آپ نےاکثر پتھروںکے درمیان بہتے پانی کا نظارہ کیا ہوگا، اسی سوچ کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ اپنے گھر میں اور خاص کر اپنے باغ میں ایک دیوار پر عام پائپوں کی مدد سے پانی کے بہاؤ کا نظام اور ایک نیا فوارہ بنا سکتے ہیں ۔

قدرتی خوبصورتی

آپ کے باغ میں دیوار اور پانی کے امتزاج سے قدرتی خوبصورتی آسکتی ہے لیکن اگر ان کے ارد گرد پودوں اور پھولوں کا اضافہ کردیا جائے توآبشار کا لطف دوبالا ہو سکتاہے۔

پتھر کی دیوار اور چھوٹا سا فوارہ

باغ کے ایک کونے میں پتھر کی دیوار کے ساتھ ایک چھوٹا سا فوارہ لگایا جاسکتاہے۔ پانی سیمنٹ سے بنے ایک چھوٹے سےجوہڑ میں گرے گا۔ پتھر کی دیوار کے ساتھ سبزپودے لگانے سے خوبصورتی مزید بڑھ جائے گی اور پرسکون ماحول میسر آجائے گا۔

لکڑی کے حوض پر بنا فوارہ

آپ لکڑی سے بنا ایک چھوٹا مستطیل حوض بناسکتے ہیں، جس میں فوارہ خوبصورتی کے ساتھ پانی کی آبشار بنا سکتاہے۔ فوارے کےتین سوراخوں سے نکلتا ہوا پانی جب حوض میں گرے گا تو عمدہ منظر سامنے آئے گا۔

تازہ ترین