• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان : وسیم اکرم اور جہانگیر خان کے اعزاز میں تقریب ہو گی

جاپان : وسیم اکرم اور جہانگیر خان کے اعزاز میں تقریب ہو گی

پاکستان کے اسپورٹس سپر اسٹارز جہانگیر خان ،شاہد آفریدی اور وسیم اکرم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پاک جاپان بزنس کونسل کے تحت خصوصی تقریب ہوگی ، تقریب اٹھارہ اگست 2018کو جاپان کے شہر ناگویا میںہوگی ۔

تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان کے لیجنڈز کھلاڑی جہانگیر خان ، وسیم اکرم اور شاہد آفریدی ایک روز قبل سترہ اگست کو جاپان پہنچ جائیں گے ، تقریب میں نہ صرف کھلاڑیوں کو خصوصی ایوارڈز دیئے جائیں گے بلکہ شاہد آفریدی فاونڈیشن اور وسیم اکرم فاونڈیشن کے لیے عطیات بھی جمع کیے جائیں گے۔

پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے ، اس حوالے سے بتایا کہ جاپان میں دس ہزار پاکستانی مقیم ہیں جن میں سے بڑی تعداد نے معاشی طور پر بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور اب وقت ہے کہ ہم اپنے ملک اور اپنے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جو کچھ کرسکتے ہیں وہ کریں، اسی سوچ کے پیش نظر ATRIBUTE TO LEGENDS کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کا مقصد جاپان میں رہنے والے پاکستانی اپنے ہیروز کو قریب سے دیکھ سکیں۔

رانا عابد حسین نے کہا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ اس ایونٹ کا ٹکٹ پچاس ہزار ین یعنی تقریبا پانچ سو ڈالر ہے جبکہ صرف دوسو افراد اس ایونٹ میں شریک ہوسکیں گے تاہم تقریب کے اعلان کے پہلے ہی روز پچاس فیصد ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ ٹکٹ بھی اگلے چند دنوں میں فروخت ہوجائیں گے،انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام ترتیب دیتے رہیں گے ۔

اس پروگرام کے ٹکٹ خریدنے والوں میں انگلینڈ ، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کے لوگوں نے بھی ٹکٹ خریدے ہیں جن کی خواہش ہے کہ وہ بھی اس پروگرام میں شریک ہوسکیں۔

رانا عابد حسین نے اسکواش کے سابق عالمی چیمپین اور فخر پاکستان جہانگیر خان ، سابق لیفٹ آرم فاسٹ بولر اور کپتان قومی کرکٹ ٹیم وسیم اکرم اور پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکن لالا شاہد آفریدی کو جاپان میں خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ معروف اور عالمی شہرت یافتہ سنگر رحیم شاہ بھی اس پروگرام میں شرکت کے لیے آرہے ہیں جبکہ پروگرام کی میزبانی پاکستان کے معروف اسپورٹس جرنلسٹ اور اینکر پرسن یحییٰ حسینی کریں گے ۔

تازہ ترین