• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی آئی خان میں دھماکا، اکرام اللہ گنڈا پور زخمی

ڈی آئی خان میں دھماکا، اکرام اللہ گنڈا پور زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں تحریک انصاف کے صوبائی نشست کے لیے امیدوار اور سابق صوبائی وزیر اکرام اللہ گنڈا پور سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او ) کے مطابق تحصیل کلاچی سے صوبائی نشست کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈاپور کی گاڑی پر خودکش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں اکرام اللہ اور ان کے ڈرائیور سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ خودکش حملے میں زخمی ہونے والے پی ٹی آئی رہنما کے ڈرائیور کی حالت تشویشناک ہے جب کہ اکرام اللہ گنڈا پور کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق اکرام اللہ گنڈاپور اپنے گھر سے نکلے تھے اور کچھ دوری پر ہی تھے کہ ان کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا۔

گنڈاپورڈی آئی خان کے حلقہ پی کے 99 سے امیدوار ہیں جبکہ پرویز خٹک کی کابینہ میں وزیر زراعت بھی رہے ۔

واقعے کے بعد امدادی کا م شروع کر دیا گیا ، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریب واقع اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، پولیس دھماکے کی کی مختلف پہلوئوں سے تحقیقات کر رہی ہےجو دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرے گی ۔

واضح رہے کہ سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور کے بھائی اسرار گنڈا پور2014میں ایک خودخوش دھماکے میں جاں بحق ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین