• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف ،نگراں وزیراعظم،چیف الیکشن کمشنر کی خودکش حملے کی مذمت

آرمی چیف ،نگراں وزیراعظم،چیف الیکشن کمشنر کی خودکش حملے کی مذمت

ڈیرہ اسماعیل خان میں پی ٹی آئی امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور کی شہادت پر آرمی چیف ،نگراں وزیراعظم،چیف الیکشن کمشنر نے شدید الفاظ میں مذمت کی اور گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سیاسی رہنمائوں کو امن اور جمہوریت کے دشمن نشانہ بنارہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے خودکش حملے اکرام اللہ گنڈاپور کی شہادت پر مذمت کی اور افسوس کا اظہار کیا ۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم ایک اور محب وطن سیاسی رہنما سے محروم ہوگئے ہیں،سیاستدانوں کو امن اور جمہوری عمل کے دشمن نشانہ بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر عزم اور ثابت قدم ہیں، ہمارے شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔

نگراں وزیراعظم ناصر الملک نے اکرام اللہ گنڈا پور کی خودکش حملے میں شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور اہل خانہ سے تعزیت اور مغفرت کی دعا کی ۔

چیف الیکشن کمشنر نے بھی اکرام اللہ گنڈا پور پر حملے کی مذمت کی اورنگراں وزیراعلیٰ ،آئی جی اور چیف سیکریٹری سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہدایات کے باوجود سیکیورٹی کا مناسب انتظام کیوں نہیں کیا جاتا؟ تمام امیدواروں کو بلا امتیاز سیکیورٹی فراہم کی جائے اور انتخابات کے لیے ماحول پر امن اور سازگار بنایا جائے۔

یاد رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں ہونے والے خودکش حملے میں پی ٹی آئی کے امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور شہید ہوگئے جب کہ حملے میں 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اکرام اللہ گنڈا پور پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 99 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار تھے۔

تازہ ترین